: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ایشیاء کپ 2025ء فائنل سے قبل بھارتی کپتان کو سزا٬ حارث رؤف کا ایئر کرافٹ گرانا اور صاحبزادہ فرحان کو ففٹی سلیبریشن کیلئے بیٹ کو بندوق بنانا آئی سی سی رولز کی خلاف ورزی قرار دے دیا گیا٬ پاکستانی فاسٹ باؤلر کا جرمانہ ہی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اپنی جیب سے بھرنے کا اعلان کردیا ٬ آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو 30 فیصد جرمانہ کی سزا اس لیے دی کہ ایشیاء کپ کے لیگ میچ میں پاکستان سے میچ جیتنے کے بعد سوریہ یادیو نے اپنی ٹیم کی کامیابی کو رواں برس اپریل میں ہونیوالے پہلگام واقعہ اور اپنی فوج کے نام کردیا تھا ۔ بھارتی ٹیم کے اس مؤقف کو پاکستانی ٹیم منیجمنٹ نے کھیل کے منافی قرار دیتے ہوئے آئی سی سی میں اپنا احتجاجی مؤقف تحریری طور پر جمع کروایا تو آئی سی سی میچ ریفری نے سوریہ کی طلبی اور سماعت کے دوران بھارتی کپتان کی سخت سرزنش کے بعد میچ فیس کے30 فیصد پر مشتمل جرمانہ کی سزا سنا دی۔
حارث رؤف نے خود پر الزام کی وضاحت مانگی تو میچ ریفری سٹپٹا گئے٬ صاحبزادہ نے بیٹ کو بندوق بنا کر ففٹی سلیبریشن کو پٹھانوں کی روایت قرار دیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں اپنے کپتان کی طلبی سزا ملنے کے یقینی آثار دیکھ کر بھارتی منیجمنٹ نے کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق 21 ستمبر کو ایشیاء کپ کے سپر فور مرحلہ میں بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی بیٹسمین صاحبزادہ فرحان علی اور حارث رؤف پر کھیل کی روح کے منافی ایکشن کرنے کے الزامات عائد کر دیئے لیکن ان دونوں پاکستانی کرکٹرز کے جواب نے آئی سی سی میچ ریفری کو لاجواب کردیا۔
حارث رؤف سے آئی سی سی سیشن میں استفسار کیا گیا میچ کے دوران باؤنڈری لائن پر انڈین تماشائیوں کے انکلوژر کے سامنے فیلڈنگ کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ہاتھوں کی انگلیوں سے 0ـ6 کا نشان بنایا تو اس کا کیا مطلب تھا جس پر حارث نے الٹا سوال کردیا کہ الزام لگانے والی بھارتی منیجمنٹ وضاحت کرے یا آپ خود بتائیے کہ اس کا کیا مطلب ہو سکتا ہے جس پر میچ ریفری سے کوئی جواب نہ بن پایا تو حارث رؤف پر یہ الزام بھی عائد کردیا گیا کہ اسی میچ میں بھارتی تماشائیوں کے سامنے وہ اپنے ہاتھوں کو ہوا میں مخصوص انداز میں لہراتے ہوئے آسمان سے زمین پر ڈاؤن کرکے کیا پیغام دے رہے تھے اس کا جواب بھی سماعت کرنیوالے آئی سی سی نمائندہ کو لاجواب کرنے کیلئے کافی تھا کہ کھیل کے دوران وہ خود سے کھیل رہے تھے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے حارث رؤف کے ان دونوں مخصوص ایکشن کو رواں برس ہونیوالی پاک بھارت جنگ میں 6 بھارتی رافیل گرائے جانے کے کارنامہ سے تشبیہہ دیا اور میچ فیس کا 30 فیصد آئی سی سی جمع کروانے کا فیصلہ سنا دیا ۔
صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی میچ ریفری کو بتایا کہ وہ پٹھان ہیں اور پٹھان اپنی خوشی کو منانے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کیا کرتے ہیں اور ایسا ہی انہوں نے بھارت کے خلاف اپنی جارحانہ ففٹی اننگز کی سیلیبریشن کیلئے اپنے بیٹ کو بندوق بنا کر کیا تاہم میچ ریفری نے پاکستانی اوپنر کے اس انداز کو بھی پاک بھارت کشیدگی کے طور پر لیتے ہوئے آئی سی سی رولز کی خلاف ورزی قرار دے کر آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی۔
دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے حارث رؤف کی میچ فیس میں سے 30 فیصد کٹوتی کو اپنی ذاتی جیب سے بھرنے کا اعلان کیا ہے اور ان کی طرف سے خیر سگالی کے اس اظہار کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی سپورٹس فینز نے فاسٹ باؤلر کا ایشیاء کپ فائنل سے قبل مورال بلند رکھنے کا خیر سگالی اظہار قرار دیا ہے۔