
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چودھری سالک حسین نے فلسطینیوں کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس حمایت کا اظہار جنیوا میں عرب لیبر آرگنائزیشن کے زیراہتمام فلسطینی محنت کشوں اور عوام کے ساتھ بین الاقوامی یکجہتی اجلاس کے عنوان سے ایک تقریب میں کیا۔ چودھری سالک حسین نے غزہ میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور مظالم کی شدید مذمت کی۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کیلئے خوراک، مالی اور طبی امداد فوری فراہم کریں۔ وفاقی وزیر نے فلسطین میں معمولات زندگی بحال کرنے کیلئے اقوام متحدہ اور محنت کشوں کے عالمی ادارے سے فوری اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔دریں اثناء اجلاس میں محنت کشوں کے عالمی ادارے کے رکن ممالک کے وزراء او ر سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔فلسطین کے وزیر محنت انس عطاری نے بھی عرب ممالک کی اعلیٰ قیادت، محنت کشوں کے عالمی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل اور انٹر نیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے بچوں اور خواتین سمیت فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھی مذمت کی۔ ادھر سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر نے جنیوا میں انٹرنیشنل ٹریڈیونین کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل لک ٹرائنگل سے بھی ملاقات کی۔وفاقی وزیر نے ڈیسنٹ ورک کنٹری پروگرام کے تحت محنت کے عالمی معیارات اور ملکی کوششوں کے پاکستان کے عزم پر زور دیا جس کا مقصد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت محنت کشوں کیلئے حالات بہتر بنانا ہے۔چودھری سالک حسین نےزور دیا کہ پاکستان کی توجہ بیرون ملک مقیم محنت کشوں کا تحفظ یقینی بنانے اور سماجی تحفظ کے نظام کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔ دونوں مواقع پر جنیوا میں اقوا م متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے بلال احمد، او پی ایچ آر ڈی کے جوائنٹ سیکرٹری سلیمان غنی، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد اور پاکستان کے دیگر حکام وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔