
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
وزیر اعظم پاکستان نےعید کے روز ملائیشیا کے وزیر اعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور دونوں رہنماؤں نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ اپنی گرمجوشی اور دوستانہ ٹیلیفون کال کے دوران وزیراعظم نے ملائیشیا کی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے امت کے اتحاد اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں امن اور بے گناہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے بھی دعا کی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ بحران کے دوران حمایت اور متوازن موقف پر ملائیشیا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات پر زور دیا۔ اس سلسلے میں، انہوں نے خاص طور پر 4 مئی 2025ء کو ملائیشیا کے وزیر اعظم کے ساتھ بحران کے عروج پر ہونے والی اپنی ٹیلی فون کال کو یاد کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوششیں کی ہیں تاہم اس کے پاس بھارت کی فوجی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا تھا جو کہ بے گناہ پاکستانیوں کے خلاف کی گئی اور ملک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے علاقائی امن و سلامتی کے مفاد میں امریکا اور دیگر دوست ممالک کی ثالثی میں جنگ بندی مفاہمت کی پیشکش کو قبول کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔
دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان ملائیشیا تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت متعددشعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس سال کے آخر میں ملائیشیا کا سرکاری دورہ کرنے کے منتظر ہیں جس کے لیے سفارتی ذرائع سے باہمی طور پر آسان تاریخوں پر کام کیا جا رہا ہے۔