پاکستان نے سلامتی کونسل میں اسرائیل کی مسلط کردہ جارحیت کے خلاف ایران کے وعدہ صادق سوم مشن کی حمایت کردی۔ پاکستانیوں کیلئے الرٹ جاری۔ 7 بین الاقوامی پروازیں منسوخ۔

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

پاکستان نے سلامتی کونسل میں اسرائیل کی مسلط کردہ جارحیت کے خلاف ایران کے وعدہ صادق سوم مشن کی حمایت کردی۔ ایران کی درخواست پر طلب کیلئے گئے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے واضح بیان میں ایران کے جوابی حملہ کو سپورٹ کیا گیا ہے دوسری طرف ایران میں مقیم 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے اور انہیں جنگی ماحول میں محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دریں اثناء اسرائیلی بلااشتعال حملے کے بعد پاکستان کی قومی ایئر لائنز پی آئی اے کی 7 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایران پر مسلط کردہ اسرائیلی جنگ کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان نے ایران کے حق میں اپنے واضح مؤقف کا اظہار کیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کےمستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے ۔ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان ایران پر اسرائیل کے غیرقانونی حملے کی مذمت کرتاہے اور ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے اور اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے۔عاصم افتخار نے مزید کہا کہ اسرائیلی حملے امن، سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں اور اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں۔

ایران میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ہیلپ لائن قائم۔پاکستان سے سات بین الاقوامی پروازیں منسوخ۔

اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے دوران پاکستانی سفارتخانہ نے ایران میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی اور انہیں محفوظ مقام پر رہنے کا الرٹ جاری کردیا ۔ایران میں پاکستان کے سفارتی ذرائع کے مطابق ایران میں موجود پاکستانیوں کی تعداد تقریباً 45 سے 50 ہزار تک ہے۔ایران سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ضرورت پڑی تو اقدامات کیے جائیں گے، پاکستان ایران 909کلومیٹر لمبی سرحد پر دور دراز کے تین انٹری و ایگزٹ پوائنٹ ہیں۔ تافتان ، گبد اور مند کے مقامات دور دراز اور سکیورٹی کے حوالے سے مشکل ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کی طرف سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسرائیلی حملوں کے باعث زمینی اور فضائی راستے بند ہیں اور ایران میں موجود پاکستانیوں میں بڑی تعداد زائرین کی ہے۔ پاکستانی زائرین مشہد، قم اور تہران کے مقدس مقامات پر حاضری دیتے ہیں، ایران میں پاکستانی طلبہ، مزدور، تاجر اور پروفیشنل بھی مقیم ہیں، اس کے علاوہ زاہدان، مشہد اور تہران میں پاکستانی کمیونٹی موجود ہے۔ ایران میں موجود پاکستانیوں میں کچھ تعداد ٹرانزٹ مسافروں اور دوہری شہریت والوں کی بھی ہے۔ایران اسرائیل جنگ کے باعث پاکستان سے سات بین الاقوامی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اور کشیدگی کے باعث نجف سے کراچی، باکو سے لاہور اور کراچی سے جدہ کیلئے 7 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔غیرملکی ایئرلائن کی کویت سےکراچی کی 2 پروازیں 6 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ دبئی سے کراچی کی 2 پروازیں ای کے 606 اور 607 کی روانگی میں 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں ۔کراچی سے استنبول آنے اور جانے والی 4پروازیں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہیں ۔ قومی ایئر لائن کی کراچی سے مسقط کی پرواز پی کے 225 کی روانگی میں 5 گھنٹے تاخیر ہوئی ۔علاوہ ازیں شارجہ اور دبئی سے فیصل آباد آنے اور جانے والی 4 پروازیں 2 گھنٹے جبکہ شارجہ سے سیالکوٹ اور دبئی سے ملتان کی 4 پروازیں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکارہوئیں۔

  • Related Posts

    ایران کا بھرپور جوابی حملہ۔ تل ابیب بیلسٹک میزائلوں سے لرز اٹھا ۔ ایرانی مردوخواتین کا جشن۔ تہران ایئر پورٹ پر دھماکہ

    :محمد ندیم قیصر…

    امریکہ ایران سفارتی مذاکرات سے قبل اسرائیل کا ایران پر حملہ: متعدد ایٹمی سائنسدان کے شہید ہوئے: ایرانی میڈیا۔امریکہ نے حمایت ۔ پاکستان نے مذمت کر دی۔ جوابی ڈرون حملے۔

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *