25

سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز باقاعدہ طور پر فعال

سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل ٹریفک سگنلز باقاعدہ طور پر فعال

ملتان(سدرہ فاروق)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ٹریفک رولز پر عمل درآمد کے ویژن کے تحت سیداں والا بائی پاس پر جدید ڈیجیٹل سگنلز کا افتتاح کردیا گیا۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ سگنلز فاصلہ سے واضح نظر آتے ہیں، جس سے ڈرائیورز بروقت رفتار کم یا برقرار رکھنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں اور ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

کمشنر عامر کریم خاں کے مطابق بڑے پولز پر نصب ہری اور لال روشنیاں آنے والی ٹریفک کی پیشگی راہنمائی کرتی ہیں،

جبکہ ٹریفک پولیس اپنی حکمت عملی کے مطابق سگنلز کی ٹائمنگز ایڈجسٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیداں والا بائی پاس شہر کا اہم چوک ہے، اس لیے اشاروں کے نظام کو مؤثر انداز میں چلانا اور یہاں ٹریفک نظم کو بہتر بنانا ناگزیر ہے۔

عامر کریم خاں نے بتایا کہ پہلے اس مقام پر بڑا راؤنڈ اباؤٹ موجود تھا، جہاں ٹریفک جام معمول تھا۔

شہریوں کی آسانی کے لیے چوک کو ختم کر کے جدید ڈیجیٹل اشارے نصب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شہر میں ڈیجیٹل اشاروں کی چوتھی تنصیب ہے۔

اس سے قبل عیدگاہ، نواں شہر چوک اور نو نمبر چوک میں بھی جدید اشارے انسٹال کیے جا چکے ہیں۔

کمشنر نے زور دیا کہ چوک کو مثالی ماڈل بنایا جائے اور ٹائمنگز سے متعلق کسی قسم کی شکایت پیدا نہ ہو۔

انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹریفک رولز کی پابندی انتہائی ضروری ہے، لہٰذا شہریوں کو بھی تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی اے کے زیر اہتمام جدید ٹریفک اشاروں کی تنصیب شہری سہولت کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

افتتاحی تقریب میں ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد، سی ٹی او کاشف اسلم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں