
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
کبڈی میں مخالف کھلاڑیوں کو اپنے مضبوط شکنجے میں جکڑنے والا پاکستان کا نامور کھلاڑی ماکھا جٹ میچ کے دوران خود موت کے شکنجہ سے نہ نکل پایا٬ ہارٹ اٹیک سے ہزاروں تماشائیوں کے سامنے دم توڑ گیا۔ یہ المناک واقعہ دیکھنے والی ہر آنکھ اشک بار تھی ہنستا کھیلتا کبڈی کے میدان دیکھتے ہی دیکھتے سوگوار ہو گیا٬ ماکھا جٹ کی شاندار کارکردگی پر درجنوں بار اسے اپنے کاندھے پر اٹھانے والے تماشائیوں نے اس بار افسردہ دل تھامے ہوئے عشاء کی نماز کے بعد ماکھا جٹ کے جنازہ کو کندھا دیا۔
ماکھا جٹ کو جہانیاں کے آبائی قبرستان میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔
کبڈی میچ میں ماکھا جٹ کو دل کا دورہ پڑنے کا یہ دلخراش واقعہ وہاڑی میں پیش آیا جب ماکھا جٹ کھیلتے ہوئے اچانک زمین پر گر پڑے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد دینے کی کوشش کی گئی مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
دریں اثناء پاکستانی کبڈی کمیونٹی نے ماکھا جٹ کے میدان میں انتقال کو ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے٬ پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین اور سیکریٹری محمد سرور رانا نے کھلاڑی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سیکرٹری محمد سرور رانا کا کہنا تھا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے کہ ہم سب کے لیے صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔