
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ون مین آرمی محمد نواز کی یادگار ہیٹرک ٬ افغانی بیٹنگ کے پڑخچے اڑا دیئے٬ سہ ملکی ٹی 20 چیمپئن ٹرافی پاکستان کے نام ہوئی٬ سپن آل راؤنڈر فائنل اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کے منفرد اعزاز سے نوازا گیا٬پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ویلڈن گرین شرٹس کے عنوان سے آغا الیون کو مبارکباد پیش کی ہے٬اتوار کی شب کو شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں سہ فریقی سیریز کے ساتویں اور آخری فائنل میچ میں محمد نواز کی ہیٹرک سمیت پانچ وکٹیں اڑانے کی میچ وننگ پرفارمنس کی بدولت پاکستان نے 75 رنز سے کامیابی اپنے نام کی٬ پاکستان کے 141 رنز کے جواب میں افغانستان کو 66 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی نے نے پہلے ہی اوور میں رحمان اللہ گرباز کو آؤٹ کردیا٬ سپن اٹیک میں ابرار احمدنے افغانی ٹاپ آرڈر بیٹرز ابراہیم زدران (9) اور صدیق اللہ اتل (13) کو21 رنز کے مجموعہ پر واپس پویلین چلتا کیا۔
اس مرحلہ پر محمدنواز کا تباہ کن سپیل شروع ہوا٬ انہوں نے درویش رسولی اور عظمت اللہ عمرزئی کو لگاتار گیندوں پر صفر پر آؤٹ کر دیا، پاور پلے میں افغانستان 29 رنز پر چار وکٹوں کے خسارہ سے دوچار تھا۔چھٹے اوور کی پانچویں اور چھٹی گیند پر مسلسل دو آؤٹ کرنیوالے محمد نواز نے اننگز کے آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر افغانی بیٹر ابراہیم کو بھی آؤٹ کرتے ہوئے ہیٹرک مکمل کرنے کا کارنامہ انجام دیا وہ یہ فہیم اشرف اور محمد حسنین کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے پاکستانی باؤلر بن گئے اور اپنی پہلی ٹی 20 ہیٹرک مکمل کی۔
دوسرے اینڈ سے کیرم بال سپیشلسٹ ابرار احمد نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی، انہوں نے اننگز کے11 ویں اوور میں محمد نبی پیک کو پویلین کی راہ دکھلائی اور افغانستان کو ساتویں وکٹ کا خسارہ 46 رنز پر اٹھانا پڑا۔
محمدنواز نے اپنے سپیل کا اختتام راشد خان کے قیمتی وکٹ کے ساتھ کیا ، افغانی کپتان نے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے۔ محمد نواز نے چار اوورز کے کوٹہ میں 19 رنز دے 5 آؤٹ کرنے کے بہترین باؤلنگ فیگر حاصل کیے٬ اور وہ ٹی ٹوئینٹی فارمیٹ میں پانچ آؤٹ کرنیوالے پانچویں پاکستانی باؤلر بن گئے ۔ محمد نواز کے علاوہ ابرار احمد اور سفیان مقیم کے سپن جال میں دو دو افغانی بیٹرز پھنس گئے٬اور افغانستان کی ٹیم پاکستان کے 141 رنز کے جواب میں صرف 66 رنز بنا پائی٬ جو افغانی ٹیم کا ٹی 20 فارمیٹ کا دوسرا دوسرا کم ترین مجموعی سکور ہے۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ میں پاکستان کو ابتداء میں ہی دھچکا لگ گیا جب اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان تیسری گیند پر فضل الحق فاروقی کے ہاتھوں اپنا کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ون ڈاؤن فخر زمان اور اوپننگ بیٹر صائم ایوب کی جوڑی نے چھ اوورز میں پاکستان کا سکور ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز پر پہنچا دیا٬ 49 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے٬وہ راشد خان کی گیند پر نور احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے٬ فخر زمان 26 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز بناپائے٬۔
آٹھ گیندوں پر 15 رنز (ایک چھکا اور ایک چوکا) بنانے والے حسن نواز 11 ویں اوور میں راشد خان کا شکار بن گئے۔ اگلے ہی اوور میں نور احمد نے محمد حارث کو آؤٹ کر کے پاکستان کو 11.3 اوورز میں 72 کے مجموعہ پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گرا دی۔
مشکلات میں گھری پاکستانی اننگز کو کپتان سلمان علی آغا (24رنز) اور نواز نے چھٹی وکٹ کے لیے 32 گیندوں پر 40 رنز کی شراکت کے ساتھ اننگز کو مستحکم کیا،پاکستانی کپتان آغا کو مدمقابل ہم منصب راشد نے 17 ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف نے آٹھ گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے سمیت 15 رنز بنائے اور پاکستان کے 20 اوورز کے کوٹہ میں مجموعی سکور 8 وکٹوں پر 141رنز تک پہنچا دیا۔راشد نے اپنے چار اوورز میں 3 وکٹوں کے بدلے 38 رنز کی پٹائی برداشت کی ۔
سہ ملکی سیریز کے فائنل میچ کی کہانی اعداد و شمار کی زبانی
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان 141-8، 20 اوورز (فخر زمان 27، محمد نواز 25، سلمان علی آغا 24؛ راشد خان 3-38، نور احمد 2-17، فضل الحق فاروقی 2-19)
افغانستان 66 رنز آل آؤٹ، 15.5 اوورز (راشد خان 17؛ محمد نواز 5-19، سفیان مقیم 2-9، ابرار احمد 2-17)
پلیئر آف دی میچ – محمد نواز (پاکستان)
سیریز کا بہترین کھلاڑی – محمد نواز (پاکستان)۔
ویلڈن گرین شرٹس: چیئرمین پی سی محسن نقوی کی سہ ملکی سیریز چیمپئن بننے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے ویلڈن گرین شرٹس ۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہیٹ ٹرک اور جارحانہ بیٹنگ پر محمد نواز کی آل راؤنڈ کارکردگی کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویلڈن محمد نواز ۔ بلاشبہ محمد نواز کی باولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے کم سکور کے باوجود ٹیم ورک کا مظاہرہ کرکے فائنل میں افغانستان کو ہرایا۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن۔ کپتان سلمان آغا اور تمام کھلاڑیوں کو فائنل میں فتح پر مبارکباد دیتا ہوں۔پاکستانی کھلاڑیوں نے افغان ٹیم کو آؤٹ کلاس کرکے جیت اپنے نام کی۔ قوم بجا طور پر ٹیم سے ایسی ہی اعلی کارکردگی کی توقع رکھتی ہے۔آج کی جیت سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے۔امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں بھی ایسی ہی عمدہ کارکردگی دکھائے گی۔