
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ملتان کنٹونمنٹ بورڈ کے زیر اہتمام کینٹ گارڈن ملتان میں 69ویں سالانہ اسپرنگ فلاور شو کا پُروقار انعقاد کیا گیا۔ اس خوبصورت اور دلکش تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر ملتان تھے۔ اس موقع پر اعلیٰ فوجی و سول افسران، معززینِ شہر، باغبانی کے ماہرین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے دوران کور کمانڈر ملتان نے نمائش میں سجے خوبصورت پھولوں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور ثقافتی اسٹالز میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
کور کمانڈر نے فطرت کی خوبصورتی اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر کور کمانڈر نے فطرت کی خوبصورتی اور ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت قدرت کی قدر کرنے اور سرسبز و شاداب ماحول کو فروغ دینے کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات شہریوں کے ذوقِ جمالیات کو نکھارتی ہیں اور فطرت سے محبت کے جذبے کو پروان چڑھاتی ہیں۔
اس سالانہ نمائش میں تقریباً 200 اقسام کے نایاب اور دیدہ زیب پھول پیش کیے گئے، جن کی خوشبو اور دلکشی نے شرکاء کو مسحور کر دیا۔ شرکاء نے اس منفرد تجربے کو بے حد سراہا اور منتظمین کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔
یومِ پاکستان تقریب میں مشاہیر پاکستان اور شہداء کی قربانیوں کو عقیدت و احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
یومِ پاکستان (23 مارچ) کے حوالے سے تقریب کے دوران پاکستان کے بانیوں اور شہداء کی قربانیوں کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا گیا۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ نے ملی نغمے اور حب الوطنی سے بھرپور پرفارمنس پیش کیں، حاضرین نے بے حد پسند کیا اور زبردست داد سے نوازا۔
تقریب کے اختتام پر کور کمانڈر ملتان نے نمائش میں شریک تمام طلبہ، منتظمین اور دیگر شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شیلڈز اور اعزازات سے نوازا، تاکہ ان کی محنت اور لگن کو سراہا جا سکے۔
یہ خوبصورت اور یادگار نمائش عید کے تیسرے دن تک کینٹ گارڈن، ملتان میں جاری رہے گی، جہاں شہری قدرتی حسن، رنگوں کی بہار اور خوشبوؤں کے دلکش امتزاج سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔