
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے پانچ ہزار سے زائد ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کےخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے۔وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کے پانچ ہزار سے زائد ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرنے کےخلاف ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ریجن بھر کے تمام یوٹیلٹی سٹورز اور وئیر ہاوسز کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ دفاتر میں ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ مظاہرے کی قیادت نیشنل ورکر یونین اور ورکر الائنس کے عہدیداروں نے کی۔ تمام ملازمین سٹورز کی تالا بندی کرکے ریجن افس ملتان میں اکٹھے ہوئے اور حکومت کے بے حسی پر مبنی اقدام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی ۔اس موقع پر سی بی اے کے سرپرست اعلی اسرار فرید چشتی، رانا عبدالحکیم، حمید گل ،رانا اظہار، منظور احمد ،نوید گیلانی اور عبدالرحمن سمیت ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ احتجاجی ملازمین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر مختلف مطالبات اور نعرے درج تھے ۔
گریڈ ایک سے 15 کے آن کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مدت ملازمت 18 سے 22 سال تک ہے لیکن بیک جنبش قلم فارغ کر دیئے گئے
ملازمین کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن نے یک جنبش قلم ساڑھے پانچ ہزار ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے ۔یہ حکومتی اقدام ملازمین کا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے۔ گریڈ ایک سے 15 کے آن کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کی مدت ملازمت 18 سے 22 سال تک ہے۔موجودہ حالات میں ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے تو دوسری جانب حکومت نے ملازمین سے ان کا روزگار چھین لیا ہے ۔ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چار برسوں سے ان کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور اب بغیر کسی معاوضہ کے ملازمت سے نکال دیا گیا ہے۔معاشی بد حالی کی وجہ سے ملازمین خود کشی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلی نیشنل ورکرز یونین ( سی بی اے) اسرار فرید چشتی کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومت ظالمانہ سلوک کی مذمت کرتے ہیں اور اس کے خلاف ہر قانونی فورم پہ اواز اٹھائی جائے گی۔ یہ ساڑھے پانچ ہزار ملازمین نہیں بلکہ خاندان ہیں۔ حکومت اگر ادارہ ختم کرنا چاہتی ہے یا نجکاری کا ارادہ ہے تو ان ملازمین کے لیے معاوضہ پیکج کا اعلان کرے۔ تاکہ عمر کے اس حصے میں معاشی ذمہ داری اٹھانے کے قابل ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت ان ملازمین کے لیے معاوضہ پیکج کا اعلان نہیں کرتی اس وقت تک ملک بھر میں ملازمین مکمل ہڑتال جاری رکھیں گے۔