
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واضح کیا ہے کہ خانیوال ریلوے سٹیشن پر مسافروں کے پل کا ٹکڑا گرنے کا واقعہ مبینہ طور پر غفلت کا نتیجہ ہے ۔ ہفتہ بھر میں اس افسوسناک واقعہ کی حتمی رپورٹ انہیں موصول ہو جائے گی ۔ ذمہ دار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اور قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ اوکاڑہ کے بعد ملتان میں پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ خانیوال حادثہ بارے سوشل میڈیا رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان رپورٹس میں یہ نشاندہی کی جا رہی ہے کہ ریلوے کے اعلیٰ حکام کو مسافر پل کا ایک حصہ شکستہ ہونے کی حادثہ رونما ہونے سے پہلے ہی نشاندہی کی جا رہی تھی لیکن متعلقہ حکام نے مبینہ طور پر سستی اور غفلت کا مظاہرہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ حادثہ کا رونما ہونا افسوسناک لیکن بار بار نشاندہی کے باوجود غفلت برتنا مجرمانہ عمل ہے اور اس کے ذمہ داروں کو لازمی سزا ملے گی۔ کسی سفارش کو خاطر میں نہیں لایا۔ جائے گا انہوں نے کہا کہ ریلوے میں صرف وہی چلے گا کہ جو پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی میں دیانتداری کا مظاہرہ کرے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ میرا ایک ہی منشور ہے۔وقت کی پابندی۔ بہتر سے بہتر انداز میں فرائض کی انجام دہی۔ ریلوے سٹیشنوں و رہائشی علاقوں میں صاف ستھرا ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
ریلوے ریونیو میں اضافہ میں نمایاں کامیابی۔مال بردار ٹرین روس تک چلیں گی مختلف ممالک سے سفری روابط معاہدوں کی صدائے بازگشت۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی اوکاڑہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ فوکس رہا کہ ریلوے کی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے انہوں نے دعویٰ کیا کہ 31 مئی تک 31مئی تک ریلوے کی 77سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ریونیو حاصل کیا گیا۔
اب ریونیو بڑھانے کے لئے گڈز ٹرین چلارہے ہیں۔ انہوں نے روسی ریاستوں ۔ ایران کے ساتھ بذریعہ ٹرین سفری روابط کے مجوزہ معاہدوں کا ذکر کیا اور یہ بھی کہا کہ ہماری مال بردار ٹرین اب روس کے دارالحکومت ماسکو تک بھی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خواہش ہے ازبکستان اور قازقستان کو ریلوے روٹ سے منسلک کیا جائے۔مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جارہا ہے ، ریلوے کے 8 ہسپتال بھی آؤٹ سورس کیے جانے کا اصولی فیصلہ کیا جا چکا ہے۔15جون کو لاہور سے نارووال کے لیئے ٹرین کو بحال کیا جارہا ہے ملتان تا لاہور چلنے والی موسیٰ پاک ٹرین کے روٹ کو ڈیرہ غازی خان تک توسیع دی جا رہی ہے۔تھر کول اور ریکوڈک منصوبوں کی کامیابی کے لئے ریلوے کو ترقی دینا ہوگی۔اس میگا پراجیکٹ کیلئے ہی تو ریلوے کو سٹریٹجک اثاثہ قرار دینے جارہے ہیں،
ستھرا پنجاب مشن میں ریلوے بھی شامل ۔ سندھ کے ساتھ پنجاب کا مقابلہ صحت مندانہ ہے: حنیف عباسی ۔
وفاقی وزیر ریلوے نے سٹیشنوں اور کالونیوں کی صفائی ستھرائی کیلئے پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب مشن میں شمولیت کو اپنے محکمہ ریلوے کا ایک بروقت فیصلہ قرار دیا اور کہا کہ ریلوے سٹیشنوں اور سٹاف کے رہائشی علاقوں ریلوے کالونیز کو ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے ایگریمنٹ کیے گئے ہیں- ہر سٹیشن ہو یا کالونیاں ریلوے حدود میں پر صاف ستھرا پنجاب کا وژن عملی طور پر نظر آئے گا۔ عید الاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی آلائشات کو ٹھکانے لگائے جانے کے ایشو سمیت دیگر معاملات میں پنجاب اور سندھ حکومتوں کے مابین برتری کے دعوؤں اور نوک جھونک پر وفاقی وزیر حنیف عباسی نے اسے مثبت اور صحت مندانہ مسابقت قرار دیا۔انہوں نے بتایا کہ سٹیشوں پر فری وائی فائی سروس شروع کی جا رہی ہے۔واپڈا کی بجلی پر انحصار کم کر کے شمسی توانائی کے نظام کو اپنانے کا آغاز کیا گیا ۔سولرائرائزیشن مکمل کرنے جارہے ہیں۔ ریلوے کے پورے سسٹم کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا ۔
جنرل عاصم حقیقی فیلڈ مارشل ۔ ماضی میں ایک عسکری سربراہ نے خود کو فیلڈ مارشل ڈیکلیئر کردیا تھا۔پی ٹی آئی پر نام لیے بغیر تنقید ۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اوکاڑہ اور ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران بھارت کی مسلط کردہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور پاک فوج کے سربراہ کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر ترقی دیئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم کو سرکاری طور پر فیلڈ مارشل پروموشن دیئے جانے کا اعلان ہونے سے پہلے ہی انہوں نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل پکارنا شروع کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے واضح موقف کے باعث بھارت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران ہمارے دوست ممالک ہمارے ساتھ کھڑے رہے بھارت کی پانی بند کرنے کی دھمکی کے بعد قومی سلامتی کونسل نے کہا پانی بند کرنے کو حملہ کے مترادف تصور کیا جائے گا۔پاکستان نے دہشتگردی کے الزامات پر اپنے آپ کو شفاف تحقیقات کے لئے پیش کیا۔آرمی چیف جنگ میں بہترین کارکردگی پر فیلڈ مارشل بنے۔پوری پاکستانی قوم اپنی فوج پر فخرکرتی ہے۔پوری دنیا نے مانا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے مضبوط ملک ہے۔حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر اس کی پالیسیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پوری قوم حکومت کے بیانیہ کے ساتھ ہے لیکن ایک جماعت ناعاقبت اندیشی کا مظاہرہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔عوام بھی مثبت اور تنقیدی سیاست کرنیوالوں کے درمیان واضح فرق کو سمجھ چکے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے خانیوال مسافر پل حادثہ میں جاں بحق ٹکٹ کلکٹر کے گھر جا کر اظہار تعزیت۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اوکاڑہ میں پریس کانفرنس سے پہلے خانیوال مسافر پل حادثہ میں جاں بحق ہونیوالے ٹکٹ کلکٹر کے گھر گئے اور اہل خانہ سےاظہارتعزیت کیا مرحوم کی مغفرت۔ درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ وفاقی وزیر نے سوگوار خاندان کو یقین دلایا کہ حادثہ کے ذمہ داران کو ہر صورت سزا مل کے رہے گی۔ انہوں نے ریلوے مسافر پل کا ایک حصہ گرنے کے بارے میں اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو اگلے چند روز میں انہیں مکمل رپورٹ پیش کرے گی ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق ہونیوالے ٹکٹ کلکٹر کے فوری نوعیت کے حادثاتی واجبات ورثاء کو ادا کیے جا چکے ہیں۔