وفاقی بجٹ عوام دشمن، اشرافیہ نواز اور عام آدمی سے ناانصافی کا تسلسل ہے: صہیب عمار صدیقی

 

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان صہیب عمار صدیقی نے وفاقی بجٹ 2025-26 پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ عوام کی امیدوں کا خون ہے۔ تعلیم، صحت، روزگار اور زراعت جیسے اہم شعبوں کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت کے لیے کوئی خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا گیا۔ کیا عوام کی جان و صحت اس قابل بھی نہیں کہ ان پر بجٹ میں توجہ دی جائے؟

صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ 8.2 ٹریلین روپے صرف سود کی ادائیگی میں خرچ کرنا اس نظام کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے، جبکہ کسان، مزدور، اور تنخواہ دار طبقہ روز بروز معاشی دباؤ میں آ رہا ہے۔انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر بجٹ میں لگائے گئے کاربن لیوی کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرول پر فی لیٹر کاربن ٹیکس عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم ہے، جس سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خوردونوش اور دیگر روزمرہ ضروریات کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔

امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان نے کہا کہ بجٹ میں دعویٰ تو ترقی کا کیا گیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ اقتصادی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد اور مہنگائی 7.5 فیصد مقرر کر کے خود ہی عوام کی معاشی مشکلات تسلیم کر لی گئیں۔صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ کسانوں کو سبسڈی، سستی کھاد، معیاری بیج اور پانی کی فراہمی کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔ حکومت نے زراعت جیسے ریڑھ کی ہڈی کے شعبے کو مسلسل نظر انداز کر کے ملک کی غذائی خود کفالت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے معمولی 10 فیصد اضافہ، بڑھتی مہنگائی کے مقابلے میں مذاق کے مترادف ہے۔ اس وقت ضرورت تھی کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات لا کر بڑے مگرمچھوں کو نرغے میں لیا جاتا، مگر بدقسمتی سے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

صہیب عمار صدیقی نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم بجٹ میں کی گئی ناانصافیوں کے خلاف ہر جمہوری، آئینی اور پُرامن طریقے سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس وقت ضرورت ہے کہ وسائل کا رخ عوام کی فلاح کی طرف موڑا جائے۔

  • Related Posts

    سینیٹ آف پاکستان میں سمر انٹرن شپ پروگرام کا 16 جون سے آغاز۔

    :محمد ندیم قیصر…

    قومی ترقی کیلئے بنیادی معاشی ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر۔بجلی بل پر 10فیصد سرچارج عائد نہیں کیا گیا:وفاقی وزیر خزانہ

      :محمد ندیم…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *