
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
لبیک اللہم لبیک ۔۔
حج آپریشن 2025ء کا آغاز ،رواں سال 90 ہزار پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت حج کریں گے، اسلام آباد۔ ملتان۔ پشاور ۔کوئٹہ اور لاہور سے عازمین حج مدینہ منورہ روانہ ہو گئے ۔اسلام آباد سے حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 713، صبح 4 بج کر 45 منٹ پر 442 عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوئی۔اسلام آباد میں عازمین حج کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، سعودی سفیر نواف المالکی اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ایئر وائس مارشل عامر حیات نے رخصت کیا۔کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 حجاج کو لے کر روانہ ہوگئی۔لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 323 مسافروں کو لے کر مدینہ روانہ ہوئی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز تقریباً 35 ہزار 200 سرکاری عازمین حج کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔پہلے مرحلے میں عازمین حج کی خصوصی پروازیں پاکستان سے مدینہ کے لیے روانہ ہوں گی۔
اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کے اشتراک سے طریق مکہ (روڈ ٹو مکہ)کی سہولیات دستیاب ہوں گی
حج آپریشن 2025ء کے دوسرے مرحلے میں حج پروازیں جدہ جائیں گی۔پی آئی اے اسلام اباد ، کراچی ، لاہور ، پشاور ، ملتان ، اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کرے گی۔اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکومت کے اشتراک سے طریق مکہ (روڈ ٹو مکہ)کی سہولتیں دستیاب ہوں گی، روڈ ٹو مکہ سے حجاج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کے جائیں گے۔پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، بعد از حج آپریشن کا آغاز 10 جون سے ہو گا اور 10 جولائی کو اختتام پذیر ہوں گی۔وفاقی وزرات حج کے مطابق رواں سال 90 ہزار پاکستانی سرکاری اسکیم کے تحت حج کریں گے، سعودیہ اور پاکستان میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے، مختصر مدت کے حج کے 11 لاکھ 50 ہزار روپے اور طویل مدتی حج کے 10 لاکھ 50 ہزار رکھے گئے ہیں۔ حج اور عمرے کے انتظامات کر نا وزارت کا کام ہے، عازمین حج کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا۔
جنوبی پنجاب سے 9 ہزار عازمین حج کا ملتان ایئرپورٹ سے روانگی کا شیڈول ۔ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے پہلی حج پرواز کو روانہ کیا
پی آئی اے کی پہلی پرواز پی ۔کے 715 منگل کی رات 8 بجکر پچی 393 عازمین کو لے کر حجاز مقدس روانہ ہو گئی ۔ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے عازمین حج کو روانہ کیا۔روانگی سے قبل عازمین کے اعزاز میں سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے کہا کہ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اسے اللہ اور اس کے نبی محمد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر کی زیارت نصیب ہو۔جو لوگ حجاز مقدس روانہ ہو رہے ہیں وہ خوش نصیب ہیں۔حکومت نے اس سال بہترین انتظامات کئے ہیں۔سلمان نعیم نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ مقدس سرزمین پر جا کر اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے دعا کریں۔انہوں نے فلسطین کے مظلوم بچوں اور خواتین کےلئے بھی دعاؤں کی استدعا کی۔اس سے قبل ڈائریکٹر حج اپریشن ریحان عباس کھوکھر نے کہا کہ حج آپریشن ایک محنت طلب مرحلہ تھا جسے بخوبی مکمل کر لیا ہے ۔جنوبی پنجاب سے 9 ہزار کے قریب عازمین حج کےلئے روانہ ہوں گے اور یہ سلسلہ 29 مئی تک جاری رہے گا۔اس سال ہم نے کوشش کی کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔اس سلسلے میں عازمین کی رہنمائی کےلئے حج موبائل ایپ متعارف کی گئی جس سے عازمین کو دوران حج کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ڈائریکٹر حج کا مزید کہنا تھا کہ عازمین ہمارے ملک کے سفیر ہیں۔وہاں کے قوانین کی پاسداری کرکے اپنے وطن کا نام روشن کریں۔