
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی تعلیم میں بین الاقوامی اشتراک کا معاہدہ طے پا گیا جسے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خصوصی بچوں کی تعلیم حاصل میں تاریخی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ بین الاقوامی اشتراک کے تحت برٹش کونسل اور سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں معاہدہ کےلیےبرٹش کونسل اور محکمہ خصوصی تعلیم کے درمیان ایل او آئی پر دستخط کیے گئے ہیں۔معاون خصوصی برائے سپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق نے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل جیمز ہیمپسن کو حکومت پنجاب کے اقدامات بارے بریفنگ پیش کی اور برٹش کونسل کی خصوصی تعلیم میں تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کروائی ۔
اساتذہ کے لیے بین الاقوامی تربیتی تبادلہ پروگرام ناگزیر: باہمی مفاہمت کی یادداشت بارے تقریب
برٹش کونسل اور محکمہ خصوصی تعلیم کے درمیان ایل او آئی پر دستخط کیلئے باہمی مفاہمت کی یادداشت تقریب میں سکول کنیکٹ پروگرام کے تحت نمایاں اسکولوں کے سربراہان کو ایوارڈز آف ایکسیلنس بھی دیئے گئے اس موقع پر ثانیہ عاشق نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم اور تربیت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اساتذہ کے لیے بین الاقوامی تربیتی تبادلہ پروگرام ناگزیر ہے۔ آٹزم اور شمولیاتی تعلیم کے لیے برطانیہ کے تجربات سے استفادہ چاہتے ہیں۔ ہر بچے کو تعلیم، صحت اور باوقار زندگی دینا وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا مشن ہے۔ برٹش کونسل کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن نے کہا کہ خصوصی بچوں کے لیے پنجاب میں بااختیار بنانے کی نئی راہ متعین کرنے میں بھرپور تعاون کریں گے۔
سیکھنا، ترقی کرنا اور کامیاب ہونا‘ خصوصی بچوں کی جامع تعلیم کا پروگرام ۔مفاہمتی یادداشت کے اہم نکات
سپیشل ایجوکیشن پنجاب اور برٹش کونسل باہمی مفاہمت کی یادداشت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’سیکھنا، ترقی کرنا اور کامیاب ہونا‘ ہم جامع تعلیم کے لیے اپنی وابستگی پر قائم ہیں تاکہ ہر اسپیشل چائلڈ اپنی مکمل صلاحیتوں تک پہنچ سکے۔ہر بچے کی اپنی ایک الگ کہانی ہے لیکن ہمارے لیے معذوری کمزوری نہیں ہے۔ان سب کا ایک جیسا حق ہے۔یہ شراکت داری اسپیشل ایجوکیشن کے شعبے میں قیادت اور نظم و نسق کو بہتر بنانے کے لیے مقامی طور پر موزوں اور پائیدار حل پیدا کرنے کے طویل مدتی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔اس منصوبے کی تیاری میں مختلف فریقوں نے حصہ لیا ہے اور یہ عالمی معیار کی بہترین پریکٹسز اور مقامی تجربات کا امتزاج ہوگا، جس کا مقصد پنجاب کے اسپیشل ایجوکیشن نظام کو زیادہ معیاری، منصفانہ اور مؤثر بنانا ہے۔برابری، تنوع اور شمولیت ہمارے کام کے مرکز میں ہے۔ خواہ وہ فنون، معاشرہ، جامع تعلیم، انگریزی تدریس یا امتحانات ہوں۔ محکمہ اسپیشل ایجوکیشن پنجاب کے ساتھ برٹش کونسل کا یہ معاہدہ ہر بچے کے لیے ایک جامع اور مساوی سیکھنے کے ماحول کی تشکیل کے لیے نہایت اہم ہے۔