:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
سردی کی آمد کا سندیسہ لیے ہوئے بارش سے موسم خوش گوار ٬ درجہ حرارت میں نمایاں کمی٬ سمندری طوفان کراچی کے قریب پہنچ گیا٬ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے غیر معمولی موسم کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
گرمی کی شدت کے ساتھ اختتام پذیر ہونیوالے ستمبر کے بعد اکتوبر کے آغاز پر بارش اور خوشگوار موسمیاتی تبدیلی کی پیشگوئی کی گئی تھی اور بالآخر سردی کی آمد کا سندیسہ لیے ہوئے بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا٬ درجہ حرارت میں نمایاں کمی سے دن میں بھی گرمی کا احساس کم ہوا ہے٬ ملک کے طول و عرض میں سرمائی بارش کے اثرات جنوبی پنجاب میں بھی اتوار کی صبح سے پہنچنا شروع ہو گئے تھے شام ڈھلنے کے بعد ہلکی پھلکی بارش کا شروع ہونیوالا سلسلہ رات ڈھلنے تک دراز ہوتا گیا اور یوں اکتوبر کے پہلے ہفتہ کے شب و روز میں موسم سرما کی خنکی کا خوشگوار احساس ہونے لگا٬
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نےمزید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا اور آج 6 اکتوبر کو بھی ڈیرہ غازی خان، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ مری، گلیات اور راولپنڈی میں بارشوں کے باعث ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ کا خدشہ ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا، جس کے مطابق آج رات سے 7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مغربی ہوائیں پنجاب کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کے باعث لاہور قصور شیخوپورہ سیالکوٹ نارووال سرگودھا جھنگ ننکانہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ صوبہ بھر میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں بننے والا سمندری طوفان “شکتی” کراچی سے تقریباً 390 کلومیٹر جنوب مغرب میں تک پہنچ چکا ہے اور یہ طوفان مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے تاہم اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اس سرمائی طوفان کی رفتار کمزور پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے٬ موسمیات حکام کے مطابق سندھ کے ساحلی علاقوں کے قریب تیز ہوائیں چل سکتی ہیں ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 7 اکتوبر تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا۔ لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔