
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم محمد حسن شیراز کو ملتان سے گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے ملتان زون کی کامیاب چھاپہ مار کارروائی میں ملزم حسن شیراز کی گرفتاری ملتان کے علاقہ سورج میانی سے عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے ملتان زون کے مطابق انسانی سمگلروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ۔ گرفتار کیا گیا ملزم اپنے دیگر کارندوں کے ساتھ مل کر شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پایا گیا ہے۔ ملزم نے شہری کو ملائیشیا میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ روپے بٹورے لیکن ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے اعلامیہ کے مطابق انسانی سمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انٹلیجنس بنیاد پر انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ جھانسہ دے کر پیسے بٹورنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔