
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پنجاب بھر میں مطلقہ و بیوہ دیہی خواتین کیلئے وزیر اعلیٰ لائیو سٹاک اثاثہ جات منصوبہ کا آغاز کردیا گیا۔ ملتان میں شیر شاہ چوک پر تقریب منعقد کی گئی اور 2 ارب روپے کی لاگت سے سے جنوبی پنجاب کی 11 ہزار مطلقہ و بیوہ خواتین کو مفت لائیو سٹاک اثاثہ جات (دودھ دینے والے جانور)کی فراہمی شروع کی گئی۔تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی 4 سو سے زائد بیوہ اور مطلقہ دیہی خواتین میں مفت جانور تقسیم کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے صدارت کی۔تقریب میں ایم پی اے سلمان نعیم ایم پی اے نازک کریم،سابق ایم این اے احمد حسین ڈیہڑ , جاوید علی شاہ،طارق عبدللہ ، سابق ایم این اے طارق رشید سمیت ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز بھی شریک ہوئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں مفت لائیو سٹاک اثاثہ جات کو تقسیم کرنے کا آغاز کیا گیا ہے اس سلسلے میں ضلع ملتان میں پہلے مرحلے میں 401 خواتین میں مفت لائیو سٹاک تقسیم کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھینس اور گائے کی پرورش کرکے نادار خواتین اپنا روزگار کما سکتی ہیں۔محمد علی بخاری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بیوہ اور مطلقہ خواتین کیلئے فلاحی منصوبہ دیا۔ایم پی سے سلمان نعیم نے کہا کہ ماضی میں خواتین کے حقوق اور فلاح و بہبود کی صرف زبانی دعوے کئے گئے مریم نواز نے دیہی خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔
ایم پی اے نازک کریم نے کہا کہ دودھ دینے والے جانوروں کے ذریعے بے سہارا خواتین اپنا معیار زندگی بلند کرسکتی ہیں۔
مستحق و نادار خواتین نے لائیو سٹاک کی مفت فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔اور کہا کہ گائے بھینس کے دودھ سے مکھن گھی کا ہوم بزنس بھی شروع کیا جا سکتا ہے ۔ پنجاب حکومت کے لائیو سٹاک اثاثہ جات کا یہ منصوبہ دراصل دیہات میں رہائش پذیر خواتین کیلئے رزق حلال کمانے کی ایک شعوری مہم بھی ہے جس کے ذریعے معاشرے کے مخیر حضرات کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ بھی آگے بڑھیں اور گائے۔ بھینس کے علاوہ بھیڑ بکری بھی خرید کر مستحق خواتین میں تقسیم کریں تاکہ وہ اپنی زیر کفالت فیملی کو پال سکیں ۔