
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
پی ایس ایل سیزن ایکس کے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمنرو، رضوان اور عامر جمال پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان پر ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کی لیول 2 کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔منرو اور رضوان کو آرٹیکل 2.13 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، جس کا تعلق ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس میچ کے دوران کسی کھلاڑی، کھلاڑی کے معاون عملے، امپائر یا میچ ریفری کے ساتھ انفرادی ناروا سلوک سے متعلق ہے۔یہ واقعہ 23 اپریل بروز بدھ کی شب کو ملتان سٹیڈیم پر ایونٹ کے 13 ویں میچ میں یونائیٹڈ کی اننگز کے 10ویں اوور کے دوران پیش آیا جب بائیں ہاتھ کے بلے باز منرو نے بالر افتخار احمد کی طرف اشارہ کیا اور اس کے نتیجے میں رضوان بلے باز سے جھگڑ پڑے۔سماعت کے وقت رضوان اور منرو نے الزامات کا اعتراف کیا اور میچ ریفری علی نقوی کی تجویز کردہ سزا کو قبول کیا۔یہ الزامات آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور کرس براؤن نے لگائے۔
کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عامر جمال پر میچ فیس کا 5فیصد جرمانہ عائد
کراچی کنگز کے آل راؤنڈر عامر جمال پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 5فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔کراچی کنگز کے عامر جمال پر 21 اپریل بروز سوموار کی شب کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں پشاور زلمی کے خلاف ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کے میچ کے دوران ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ عامر کو ایچ بی ایل پی ایس ایل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، جس میں لکھا گیا ہے: “زبان، حرکات یا اشاروں کا استعمال جو کہ کسی میچ کے دوران اس کے آؤٹ ہونے پر کسی بلے باز کی طرف سے جارحانہ ردعمل کو جنم دے سکتا ہے”۔یہ واقعہ پہلی اننگز کے 15ویں اوور میں پیش آیا، جب عامر حسین کو آؤٹ کرنے کے بعد بلے باز کے قریب گئے اور تبصرہ کیا۔عامر نے الزامات کا اعتراف کیا اور میچ ریفری افتخار احمد کی تجویز کردہ سزا کو قبول کیا۔یہ الزامات آن فیلڈ امپائر فیصل خان آفریدی اور پال ریفل نے لگائے۔