
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطان کی پانچویں شکست۔ کوالیفائرز میں شمولیت خواب ۔ لیکن سلطانز نے اپنے فینز کو امید دلوا دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ملتان سلطانز کے آخری چار میچز میں سے دو میچز کا شیڈول بھی تبدیل کردیا ہے ۔ ملتان سلطان اپنا ساتواں میچ کل 29 اپریل کو لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف کھیلے گی۔ سلطانز اپنا آخری میچ 10 مئی کی بجائے اگلے روز 11 مئی کو کھیلیں گے۔ تاہم 5 مئی والے سلطانز کے میچ کا شیڈول برقرار رکھا گیا ہے۔ یہ تینوں میچز ملتان سٹیڈیم پر پشاور زلمی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور کراچی کنگز کے خلاف کھیلے جائیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطان اب تک اپنے چھ میچز میں سے اکلوتی فتح صرف لاہور قلندرز کے خلاف حاصل کر پائے ہیں۔ جس کا حساب قلندرز نے سلطانز کے ساتھ اپنے ہوم گراؤنڈ قذافی سٹیڈیم لاہور پر چکا دیا ہے اور یہ قلندرز کا پی ایس ایل کی دس سالہ تاریخ میں سنچری میچ تھا جس کا جشن سلطانز کو شکست دے کر منایا گیا۔ سلطانز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو مرتبہ شکست دی ہے اور کنگز نے ایک میچ میں سلطانز کو ہرایا ہے ملتان سلطانز اپنا ساتواں میچ منگل 29 اپریل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور میں کھیلے گی۔
مکمل پرفارمنس نہیں دے پارہے لیکن ہمت نہیں ہاری ہے، مائیکل بریسویل نے فینز کو نئی امید دلادی
ملتان سلطانز کے نیوزی لینڈر آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کا کہنا ہے کہ ہمیں یقینی طور پر ایک یونٹ کے طور پر بہتر کھیلنے کی ضرورت ہے آپ ایسے مقابلے میں جہاں چار ٹیمیں کوالیفائی کرتی ہوں وہاں آپ واپس آنے کے لیے صرف چند جیت کی دوری پر ہوتے ہیں اور ہم نے امید نہیں ہاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اپنے اگلے میچ پر ہے۔ جہاں تک رضوان کا تعلق ہے تو وہ ایک شاندار کپتان ہیں۔ ہم سب ان کی حمایت کرتے ہیں اور ان پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے لاہور قلندرز کے خلاف شاندار اننگز کھیلی۔انہوں نے اس اننگز میں کنڈیشنز کا بہت اچھی طرح جائزہ لیا تھا۔ یہ بدقسمتی نہیں تو اور کیا ہے کہ ہم 185 کا دفاع نہیں کر سکے۔مائیکل بریسویل کا کہنا تھا کہ ہم 6میچوں میں صرف ایک میچ جیت پائے ہیں یہ یقینی طور پر وہ جگہ نہیں ہے جہاں آپ خود کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے کچھ اچھی کرکٹ کھیلی ہے لیکن وقفے وقفے میں۔ اگر ہم ایمانداری سے دیکھیں تو ہم نے مکمل پرفارمنس نہیں دی ہے۔ کچھ انفرادی صلاحیتیں رہی ہیں لیکن ایک ٹیم کے طور پر ہم مکمل کوشش میں کامیاب نہیں ہوپائے ہیں اور اسی وجہ سے ہم پوائنٹس ٹیبل پر وہیں ہیں۔
کبھی بیٹ نہ چلا تو کبھی بال سے پر فارم نہ کر پائے لیکن سلطانز کے پاس پے در پے شکستوں کا کوئی عذر نہیں
مائیکل بریسویل نے مزید کہا کہ ہم نے مضبوط انفرادی پرفارمنس دی ہے کبھی بیٹ کے ساتھ اور کبھی گیند کے ساتھ ، لیکن ایک ہی میچ میں مستقل طور پر دونوں میں ایک ساتھ پرفارمنس نہیں دے پائے ہیں۔ ہماری پے در پے شکستوں میں کوئی ایک واضح مسئلہ نہیں ہے۔ اس پوزیشن پر ہونا مایوس کن ہے لیکن ہم چیزوں کو ٹھیک کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔یقینی طور پر ہماری کوشش کی کمی نہیں ہے۔ ہر کوئی سخت تربیت کر رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تیز ہے ہر میچ میں ایسے اہم مواقع ہوتے ہیں جو نتیجہ بدل سکتے ہیں اور بدقسمتی سے ہم ان مواقع کو اپنے حق میں نہیں کرسکے ہیں۔بریسویل کا کہنا ہے کہ دنیا کے اس حصے میں کبھی کبھی ٹاس ایک کردار ادا کر سکتا ہے۔ لیکن ہم اسے عذر کے طور پر استعمال نہیں کریں گے۔ ہر ایک کو بیٹنگ اور بولنگ کا موقع ملتا ہے اور زیادہ تر وقت جو ٹیم اس دن بہتر کھیلتی ہے وہ جیت جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بہت سارے اگر اور مگر ہوتے ہیں۔لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں اسپن بولنگ کرنا دراصل کافی مشکل تھا۔ میرے خیال میں ہم نے چار سیمرز کے ساتھ جا کر توازن درست کیا اور ہمارے سیمرز نے پاور پلے میں شاندار بولنگ کی۔ مچل اور سکندررضا نے شاندار اننگز کھیلی جس نے میچ ہم سے چھین لیا۔ یقینی طور پر اسپنر وکٹیں حاصل کرسکتے ہونگے لیکن ٹی ٹوئنٹی میں وہ رنز بھی دے سکتے ہیں۔ میرے خیال میں ہماری ٹیم اچھی طرح سے متوازن تھی – ہم صرف لائن عبور نہ کرسکے۔