
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ایک اہم سنگ میل ، 300 میچز مکمل ہوگئے ۔ریکارڈ بک میں بابر اعظم کی کارکردگی بیمثال قرار پائی ہے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کا 300 واں میچ تھا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اولین میچ اور300 ویں میچ میں شریک رہی ہے۔بابر اعظم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام 10 سیزن میں حصہ لیتے ہوئے کئی ریکارڈز کے مالک ، لیگ میں سب سے زیادہ 3621 رنز سب سے زیادہ34 نصف سنچریاں ، سب سے زیادہ 401 چوکے سب سے زیادہ96 میچز اور سب سے زیادہ 49 کیچز کا ریکارڈ بابراعظم کے نام درج ہے۔حسن علی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 121 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ انگلینڈ کے جیسن روئے نے 145 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی ہے ۔فخر زمان نے سب سے زیادہ 90چھکے لگائے ہیں ۔روی بوپارا کی16 رنز کے عوض 6 وکٹیں بہترین انفرادی بولنگ ہے۔
وکٹ کیپرز میں محمد رضوان 84 کیچز/ سٹمپڈ اور 2749 رنز کے ساتھ سرفہرست
وکٹ کیپرز میں محمد رضوان 84 کیچز/ سٹمپڈ اور 2749 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق کپتان سرفراز احمد بطور کپتان سب سے زیادہ میچز (80) اور سب سے زیادہ جیت (38) کے ریکارڈ کے مالک ہیں۔ امپائر علیم ڈار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں سب سے زیادہ 81 میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں ۔ علیم ڈار اس سیزن کے اختتام پر پروفیشنل امپائرنگ سے ریٹائر ہورہے ہیں۔سلمان نصیر چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایچ بی ایل پی ایس ایل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ پر فخر ہے۔ پی ایس ایل نے 2016ء میں شروع ہونے کے بعد پلٹ کر نہیں دیکھا۔ پوری دہائی میں اس کی کامیابی معیار اور برانڈ پر شائقین اور کھلاڑیوں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتھ کسی بھی حیثیت میں شامل رہے ہیں خاص طور پر شائقین، فرنچائزز، کمرشل اور سروسز پارٹنرز ۔ یہ انہی کے عزم کی وجہ سے ہے کہ لیگ ہر موسم میں ترقی کرتی رہی ہے اور سب کو بہترین تفریح فراہم کرتی رہتی ہے۔