پڑھا لکھا صحتمند پاکستان۔ وفاق اور پنجاب کا عزم۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود کا دورہ ملتان ۔ ہاکی آسٹرو ٹرف پراجیکٹ گلے پڑ گیا

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

:تفصیلات

پڑھا لکھا صحتمند پاکستان۔ وفاق اور پنجاب کا عزم۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود نے دورہ ملتان مکمل کر لیا یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کے ساتھ مکالمہ کیا ۔ باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا افتتاح کیا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پرائم منسٹر ہاکی آسٹرو ٹرف پراجیکٹ بارے بریفنگ لی ۔ کھیل۔ تعلیم اور سماجی شعبہ کے ان تینوں پروگراموں کا مرکز زکریا یونیورسٹی کا جناح ہال آڈیٹوریم ۔ جمنیزیم ملٹی پرپز ہال اور فنڈز کی کمی کے باعث تعطل کا شکار ادھورا پڑا ہوا آسٹرو ٹرف میدان تھا جس کی جدید پویلین عمارت سے جب چیئرمین پی ایم یو رانا مشہود کی نظر سامنے اجڑے ہوئے پلے ایریا پر پڑی تو فکرمندی کی لکیریں ان کے ماتھے پر ابھر آئیں ۔ رہی سہی کسر پراجیکٹ کی کنسٹرکشن کمپنی ۔ ایچ ای سی اور زکریا یونیورسٹی کی سپورٹس منیجمنٹ کے درمیان کھلم کھلا نوک جھونک نے پوری کردی۔ کنسٹرکشن کمپنی والوں کو شکوہ تھا کہ 16 کروڑوں روپے کے پراجیکٹ میں سے صرف 4 کروڑ روپے مل پائے ہیں ۔ جس سے ہاکی آسٹروٹرف میدان کی جدید بلڈنگ تعمیر کر لی گئی ہے۔ ایچ ای سی کی طرف سے مزید فنڈز نہ مل سکنے کے باعث پراجیکٹ تعطل کا شکار ہے۔ کمپنی خسارہ میں ہے۔ کنسٹرکشن کمپنی والوں نے جیسے ہی زکریا یونیورسٹی اور ایچ سی حکام پر نااہل ہونے کا الزام عائد کیا تو کمپنی کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ جواب در آں غزل کے مصداق کنسٹرکشن کمپنی ایچ ای سی اور زکریا یونیورسٹی حکام کے درمیان نوک جھونک الزام تراشی کے گرم بھڑکتے ہوئے ماحول کی تپش محسوس ہوئی تو چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام کو مداخلت بیچ بچاؤ کروانا پڑا ۔ رانا مشہود نے کہا کہ میں اس پراجیکٹ کی تازہ ترین صورتحال دیکھنے ہی تو آیا ہوں فنڈز کا انتظام ہو جائے گا۔ اس مکالمہ کے ساتھ رانا مشہود باکسنگ ایونٹ میں شرکت کیلئے بی زیڈ یو جمںیزیم ہال کی طرف روانہ ہو گئے۔

!!عمران خان دور کا ہاکی آسٹروٹرف میدان منصوبہ کیوں تعطل کا شکار ہوا!!۔حقائق کیا ہیں

رانا مشہود تو آسٹرو ٹرف ہاکی میدان کا دورہ کرکے چلے گئے لیکن وہاں اس منصوبہ کے پس منظر میں جن معلومات پر مبنی صدئے بازگشت کی گونج سنائی دی اس کے مطابق عمران خان کے دور میں پاکستان بھرکی یونیورسٹیز میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک میگا پرائم منسٹر یوتھ پراجیکٹ متعارف کروایا گیا تھا جس کے تحت یونیورسٹیز میں کسی ایک کھیل کا جدید میدان ۔کھلاڑیوں کی رہائش کیلئے ہاسٹل پویلین کی جدید عمارت شامل تھی۔ زکریا یونیورسٹی ملتان کو اس پراجیکٹ کے تحت ہاکی کے جدید آسٹروٹرف میدان کا منصوبہ ملا تھا جس کی مالیت 16 کروڑ روپے بتائی گئی تھی ۔ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے بعد بھی شہباز شریف کی مخلوط حکومت ۔ عام انتخابات سے پہلے مخلوط حکومت اور فروری 2024ء کے بعد تشکیل پانے والی موجودہ اتحادی حکومت نے بھی یہ پراجیکٹ جاری رکھا لیکن فنڈز کی فراہمی میں تعطل آگیا فنڈز میں کمی کا شکار زکریا یونیورسٹی کا آسٹروٹرف ہاکی میدان بھی ہوا ہے اس منصوبہ بارے بتایا جا رہا ہے کہ 16 کروڑ روپے میں سے صرف 4 کروڑ روپے مل پائے ہیں۔ اور اب اگلے مال سال کے بجٹ میں بھی صرف دو کروڑ ملنے کی توقع ہے۔

مشن ٹیلنٹ ہنٹ برائے اولمپکس 2028ء۔ جنوبی پنجاب میں پی ایم باکسنگ ٹرائلز کا اغاز۔ رانا مشہود کا خطاب

مشن ٹیلنٹ ہنٹ برائے اولمپکس 2028ء۔ جنوبی پنجاب میں پی ایم باکسنگ ٹرائلز کا اغاز ہو گیا۔ زکریا یونیورسٹی ملتان میں منعقدہ ٹرائلز میں مختلف شہروں ملتان۔ شجاع آباد ، بورے والا ، وہاری ، لودھران ، کبیر والا ، خانیوال ، ڈیرہ غازی خان سے بھی ابھرتے ہوئے باصلاحیت باکسنگ ٹیلنٹ نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ باکسرز کی وزن کے اعتبار سے مختلف درجہ بندی کی گئی تھی۔ملتان میں باکسنگ ٹرائلز کا انعقاد، چیئرمین پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام مہمان خصوصی تھے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملتان اور گرد و نواح کے نوجوانوں کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔باکسنگ ٹیلنٹ کی تلاش کا آغاز حکومتِ پاکستان کی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ پنجاب ہمیشہ سے پاکستان میں کھیلوں کا مرکز رہا ہے۔پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت پورے ملک کے 25 شہروں میں باکسنگ ٹرائلز کا انعقاد کیا جا رہا ہے پنجاب میں یہ ٹرائلز ملتان کے علاوہ بہاولپور، فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی اور لاہور ہوں گے نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع دیں گے۔ ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر سرور ، ڈائریکٹر سپورٹس زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر طاہر محمود۔پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ۔ جی سی یونیورسٹی لاہور ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور باکسنگ فیڈریشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

بہترین کارکردگی دکھانے والے باکسرز کو باکسنگ کٹس، ٹریک سوٹس، اور کٹ بیگز فراہم کیے جائیں گے۔

رانا مشہود کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نوجوانوں کی مکمل سرپرستی کر رہے ہیں اور حکومتِ پاکستان وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تکنیکی، ٹیکنالوجیکل اور کھیلوں کے میدانوں میں مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان کسی سے کم نہیں، پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا کے کسی بھی کونے میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئیں ہم سب مل کر خاص طور پر دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو ایک روشن، محفوظ اور ترقی یافتہ مستقبل کی جانب رہنمائی فراہم کریں۔پنجاب ہمیشہ سے پاکستان میں کھیلوں کا مرکز رہا ہے، چاہے وہ کرکٹ ہو، ہاکی، ریسلنگ یا کبڈی اور اس سرزمین نے ہمیشہ قومی اور عالمی سطح پر بڑے کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔ اس شاندار روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے، حکومتِ پاکستان اب باکسنگ کے شعبے میں نوجوان ٹیلنٹ کی نشوونما پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومتِ پنجاب قومی یوتھ ایجنڈے سے ہم آہنگ ہو کر نوجوانوں کی ترقی کے لیے تعلیم، کھیل اور قیادت جیسے شعبوں میں مختلف اقدامات کر رہی ہے۔مہمان خصوصی نے کہا کہ ٹرائلز میں منتخب ہونے والے کھلاڑی صوبائی اور قومی لیگز میں حصہ لیں گے اور انہیں تربیتی کیمپس میں جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے باکسرز کو باکسنگ کٹس، ٹریک سوٹس، اور کٹ بیگز فراہم کیے جائیں گے۔ ان نوجوان کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے مواقع بھی دیے جائیں گے۔

ملتان کی مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کا بی زیڈ یو جناح آڈیٹوریم ہال میں اکٹھ۔ رانا مشہود کا مکالمہ ۔ روشن مستقبل کا وعدہ۔

ملتان کی مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات کا بی زیڈ یو جناح آڈیٹوریم ہال میں اکٹھ۔ رانا مشہود کا مکالمہ ۔ روشن مستقبل کا وعدہ کیا۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خود جنوبی پنجاب میں پڑھا، لاہور گیا اور اب اسلام آباد میں بیٹھ کر یوتھ کے لیے کام کر رہا ہوں۔ نوجوانوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ ہونا چاہیے، محنت کا صلہ ضرور ملتا ہے۔رانا مشہود نے صبیحہ شاہین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ان کے ساتھ مل کر یوتھ پالیسی مرتب کی۔ انہوں نے بتایا کہ 2011ء میں نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ہنر سکھائے گئے، اور انہیں آن لائن پلیٹ فارمز پر کام کرنے کی ترغیب دی گئی، جس کا نتیجہ آج ملک کی عالمی سطح پر شناخت کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔

نیٹ آف ماحول میں یونیورسٹیز کیلئے وائی فائی سہولیات کے تذکرہ پر طلبہ و طالبات کے چہرے میں طنزیہ مسکراہٹ ۔

رانا مشہود نے نیٹ آف ماحول میں یونیورسٹیز کیلئے وائی فائی سہولت فراہمی کا ذکر کیا تو طلبہ و طالبات کے چہرے میں طنزیہ مسکراہٹ دیکھی گئی ۔ رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے فروغ کے لیے مفت لیپ ٹاپ اور فری وائی فائی جیسی سہولیات فراہم کی ہیں ۔ مدارس کے طلباء کو بھی ٹیکنیکل تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ وہ بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2011ء میں پاکستان لوڈ شیڈنگ میں ڈوبا ہوا تھا، جس پر اب قابو پایا جا چکا ہے۔ نعرے لگانا آسان ہوتا ہے مگر کام کرنا مشکل، اور ہم نے کر کے دکھایا۔رانا مشہود احمد نے عالمی اداروں کی جانب سے فلسطین، شام، عراق اور لیبیا میں مظالم پر خاموشی کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جھوٹے واقعات کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشیں کیں، مگر ہم نے ان کے الزامات کا بھرپور جواب دیا اور عالمی سطح پر ان کی سازشیں بے نقاب کیں۔انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیجیٹل سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہو کر مفت ہنر حاصل کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں بھی مواقع دے گی اور 2028ء اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتنے کا ہدف ہے، دنیا کو بتانے کا وقت آ گیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے، اور ہم سے ٹکر نہ لی جائے۔

  • Related Posts

    وزیراعظم یوتھ پروگرام پنجاب سیکرٹریٹ کے وفد کا ویمن یونیورسٹی ملتان کا دورہ ۔مختلف پروگراموں بارے بریفنگ۔ طالبات کی خصوصی دلچسپی

    :سدرہ فاروق (ملتان…

    بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے 19ویں سالانہ کانووکیشن 2025 کی تقریب ۔ڈگری کسی منزل کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا خطاب

    :محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *