
محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ایک سال میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سمیت تین سیریز میں کلین سوئپ شکست دیکھنے والے شان مسعود کی کپتانی کو کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کا سہارا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں شان کی کپتانی کو برقرار رکھا ہے ۔ شان مسعود نے سال بھر پہلے اپنے کیریئر میں پہلی ٹیسٹ قیادت ملنے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں 0ـ3 کی ہزیمت اٹھائی۔ پھر گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں بنگلہ دیش کے ہوم سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز میں قیادت کی تو کلین سوئپ شکست شان مسعود کا مقدر بنی۔
انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ عاقب جاوید اینڈ کمپنی لے گئی۔
انگلینڈ کے خلاف اکتوبر میں ہوم سیریز پاکستان پہلا ٹیسٹ اننگز کی شکست سے ہارا تو اس کا ملبہ اس وقت کی سلیکشن کمیٹی پر ڈال دیا گیا۔ عاقب جاوید کی غیر اعلانیہ قیادت میں نئی سلیکشن کمیٹی قائم کردی گئی۔جس نے آتے ہی سب سے پہلے قومی ٹیم سے بابر اعظم ۔ شاہین آفریدی نسیم شاہ کی چھٹی کروادی۔ سیریز کے آخری دونوں ٹیسٹ میچز کیلئے پچ مرضی کی بنوالی ۔ سپن اٹیک کو نعمان علی اور ساجد خان سے ایسا مضبوط کیا کہ یہ دونوں ٹیل اینڈرز کی حیثیت میں بطور بیٹر بھی کام آگئے انگلینڈ کے خلاف آخری دونوں ٹیسٹ میچز اور سیریز میں1ـ2 کی کامیابی کا کریڈٹ شان مسعود کی بجائے انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کا کریڈٹ عاقب جاوید اینڈ کمپنی لے گئی اور شان مسعود منہ دیکھتے رہ گئے۔
جنوبی افریقہ میں ہیڈ کوچ عاقب کی ٹیسٹ سیریز حکمت عملی بھی ثمر آور ثابت نہ ہو سکی۔
انگلینڈ کے بعد پہلی ٹیسٹ اسائنمنٹ دورہ جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز تھی اوریہ ٹیسٹ سیریزدسمبر 2024ء کے آخر میں شروع ہوئی اور جنوری 2025ء کے پہلے ہفتہ میں کھیلی گئی۔اس ٹیسٹ سیریز سے پہلے عاقب جاوید وائٹ اینڈ ریڈ بال دونوں فارمیٹ کے لیے غیر ملکی کوچز کی جگہ پاکستان کے ون ڈے انٹر نیشنل اور ٹیسٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچز کی جگہ ہیڈ کوچ کا چارج بھی سنبھال چکے تھے لیکن نہ تو عاقب کی حکمت عملی کارگر ثابت ہوئی اور نہ ہی شان مسعود اپنی کپتانی کی صلاحیت کو ثابت کر پائے اورپاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف جنوبی افریقہ کے میدانوں پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0ـ2 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
محمد رضوان کو ریڈ بال ٹیم کا بھی کپتان بنانے کی صدائے بازگشت میں شان مسعود کی قیادت برقرار
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے پاکستان وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان محمد رضوان آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں اورجنوبی افریقہ کو جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز میں تاریخ ساز شکست دے کر اپنے قائدانہ صلاحیت کی دھاک بٹھا چکے تھے اس لیے شان مسعود کی جگہ محمد رضوان کو پاکستان کی ریڈ بال ٹیم کا کپتان بنائے جانے کی صدائے بازگشت سنائی دے رہی تھی لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے شان مسعود کی کپتانی برقرار رکھنے کا اعلان کردیا گیا ہے دنیا کے دلکش کرکٹ میدان ملتان سٹیڈیم پر پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچز 17 سے 21 جنوری اور 25 سے 29 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز کی ہوم سیریز کیلئے پاکستان ٹیم میں 7 اہم تبدیلیاں۔ امام الحق کی واپسی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے ۔سکواڈ میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم میں اگرچہ 7 اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں لیکن شان مسعود کی قیادت کو برقرار رکھا گیا ہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار پرفارمنس نے تجربہ کار امام الحق قومی ٹیم میں واپسی کا راستہ کھول دیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں ورک لوڈ مینجمنٹ کے نام پر عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے۔ تاہم قومی سلیکٹرز نے خرم شہزاد کی برقرار رکھا ہے فاسٹ محمد علی کی قومی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے اور ٹیسٹ کیپ کے منتظر کاشف علی کو شامل کیا ہے۔وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ کی غیر موجودگی میں جو جنوبی افریقہ کے دورے میں زخمی ہوگئے تھے ۔ پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان اور شاہینز کے کپتان روحیل نذیر کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ قلعہ کو سپن اٹیک سے مسمار کرنے کا پلان
سپن کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے آف سپنر ساجد خان اور لیفٹ آرم سپنر نعمان علی کے ساتھ پارٹنر بنانے کے لیے لیگ اسپنر ابرار احمد کو واپس بلایا گیا ہے۔ زخمی صائم ایوب اور آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق کی جگہ اوپنرز امام الحق اور محمد ہریرہ کو بھی واپس لایا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کے لیے پاکستانی سکواڈ
ویسٹ انڈیز کے خلاف دو میچوں کی ہوم ٹیسٹ سیریز کیلئے اعلان کردہ پاکستان 15 رکنی سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی، اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔