
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
فہیم اشرف کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے چھ برسوں بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن ایکس کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔بدھ کی شب لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر یہ اعزاز اپنے نام کیا ۔ فائنل 25 مئی بروز اتوار کو ہوگا۔ دفاعی چیمپئن یونائیٹڈ کے پاس فائنل تک رسائی کیلئے ابھی ایک چانس باقی ہے کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان ایلی مینیٹر ون میچ کی فاتح ٹیم کو فائنل کوالیفائی سے پہلے یونائیٹڈ کے ساتھ میچ کھیلنا ہو گا۔کوالیفائر میچ کی تفصیلات کے مطابق گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیئے گئے 209 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، یونائیٹڈ نے اپنے فارم میں موجود اوپنر ایلکس ہیلز کو دوسرے اوور میں کھودیا ہیلز انفرادی کھاتہ کھولے بغیر فہیم اشرف کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ صاحبزادہ فرحان کو ون ڈاؤن پوزیشن پر رسی وین ڈیر ڈوسن نے جوائن کیا اور اس جوڑی نے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ وان ڈیر ڈوسن (23 گیندوں پر 35، چار چوکے، دو چھکے) اننگز کے نویں اوور میں آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے۔صاحبزادہ فرحان جو ایکس سیزن میں حنیف محمد کیپ وصول کرنے کے مضبوط امیدوار ہیں نے 35 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے۔ فرحان کے علاوہ سلمان علی آغا نے 26 گیندوں پر 44 رنز بنائے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ شاداب خان یونائیٹڈ کے تیسرے بلے باز تھے جو ڈبل فیگر تک پہنچے۔
گلیڈی ایئرز کا 209 رنز کا ہدف دفاعی چیمپئن کے لیے پہاڑ جیسا ثابت ہوا۔ گلیڈی ایٹرز کے فہیم اور چندیمل کی جوڑی نے یونائیٹڈ باؤلرز کا بھرکس نکال دیا۔
گلیڈی ایئرز کا 209 رنز کا ہدف دفاعی چیمپئنز کے لیے پہاڑ جیسا ثابت ہوا کیونکہ وہ 19.4 اوورز میں 179 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق نے 32 رنز کے عوض تین جبکہ فہیم، محمد عامر اور محمد وسیم جونیئر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد، گلیڈی ایٹرز نے اپنے 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 209 رنز بنائے۔ 11.5 اوورز میں 113 رنز پر پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد سری لنکا کے بین الاقوامی کرکٹر دنیش چندیمل اور پاکستان کے فہیم اشرف نے مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 95 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے فہیم 23 گیندوں پر 45 رنز بنانے کے بعد اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔چندیمل 28 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے چار چوکے اور تین زبردست چھکے لگائے۔ اوپننگ بیٹسمین فن ایلن نے 27 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔یونائیٹڈ کی جانب سے بین دروشوئس اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
گلیڈی ایئرز کی چھ برسوں بعد فائنل کوالیفائی کی جیت کہانی کے اعدادو شمار۔
قذافی سٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 209-6، 20 اوورز (دنیش چندیمل 48، فہیم اشرف 45، فن ایلن 41، اویشکا فرنینڈو 32؛ بین دروشوئس 2-31، سلمان ارشاد 2-34)۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 179 آل آؤٹ، 19.4 اوورز (صاحبزادہ فرحان 52، سلمان علی آغا 44، رسی وین ڈیر ڈوسن 35؛ عثمان طارق 3-32، محمد عامر 2-31، فہیم اشرف 2-33، محمد وسیم جونیئر 2-38)۔
پلیئر آف دی میچ – فہیم اشرف (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز) قرار پائے ۔
دریں اثناء آج 22 مئی بروز جمعرات کی شام کو ایلی مینیٹر ون کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم پر کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہ شام 7.30 بجے شروع ہو گا۔