عید پر صفائی کرتے کرتے سندھ پنجاب حکومتوں میں نوک جھونک۔ میئر کراچی کے جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پر پلٹ کے وار ۔

: محمد ندیم قیصر

:تفصیلات

عید الاضحٰی پر قربانی کے جانوروں کی الائشات کی صفائی کرتے کرتے پنجاب اور سندھ کی حکومتیں کریڈٹ کے چکر میں الجھ پڑیں نوک جھونک نے یوں طول پکڑا کہ پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات کی تنقید پر سندھ حکومت کو بھی جواب در آں غزل دینا پڑا ۔ پنجاب اور سندھ حکومتوں کے مابین عید ایام میں منہ ماری نہ ہوتی اگر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے میئر کراچی اگر پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی صفائی کے ایشو پر اپنی اپوزیشن پر کڑی تنقید کرتے کرتے پنجاب حکومت کی صوبہ بھر میں عید سالڈ ویسٹ کارکردگی کو محض میڈیا کا کرشمہ قرار نہ دیتے اور تو اور میئر کراچی مرتضی وہاب نے تو پنجاب کے میڈیا کی عید پر صحت و صفائی بارے سب اچھا کی رپورٹ کو چمک کا نتیجہ قرار دے ڈالا اور اس کا اشارہ اپنی بے بسی کی صورت بیان کیا کہ میرے پاس وسائل نہیں ہیں ورنہ کراچی کے بارے میں بھی سب اچھا چل رہا ہوتا۔ میئر کراچی کو ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کراچی کی طرف سے عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشات کی صفائی میں ناکامی کا طعنہ دیا گیا تو انہوں نے وضاحت کیلئے اور اپنی کارکردگی بارے آگاہ کرنے کیلئے پریس کانفرنس کر ڈالی۔مرتضی وہاب اپنے شہر کے ناقدین ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی طعنہ زنی کا بڑھ چڑھ کے جواب دے رہے تھے کہ میڈیا کا یہ سوال سن کر بھڑک اٹھے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے قربانی کے جانوروں کی آلائشات کی صفائی میں عمدہ کارکردگی کے چرچے میڈیا پر بھی ہورہے ہیں یہ سنتے ہی مرتضی وہاب اپنے کراچی کی اپوزیشن کو بھول گئے اور پنجاب حکومت پر چڑھ دوڑے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کا نام لیے بغیر پنجاب حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ جس کا جواب دینے کیلئے پنجاب حکومت کی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے بھی ترجمان پنجاب حکومت کی حیثیت سے فوری طور پر جوابی بیان داغ دیا اور میئر کراچی کے خوب لتے لیے اور یہاں تک کہ سندھ حکومت کو بھی صحت و صفائی کے ایشو پر رگڑا لگا دیا۔

کراچی کی صفائی پر لگا ہوں ۔میئر کراچی کا جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کو جواب۔ پنجاب میں صفائی صرف چینل پر دکھائی دیتی ہے:مرتضی وہاب ۔

میئر کراچی مرتضی وہاب نے عید الاضحیٰ پر صفائی کے انتظامات پر اپنی میئر شپ کی اپوزیشن سے تنقید سننا پڑی تو انہوں نے بھی کھری کھری سنانے کے لیے پریس  کانفرنس بلا لی۔ اور اسی دوران میئر کراچی کی توپوں کا رخ پنجاب حکومت کی طرف ہو گیا۔مرتضی وہاب نے کہا کہ وہدن  رات ایک کرکے کراچی کی صفائی پر لگے ہوئے ہیں لیکن جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم تنقید سے باز نہیں آ رہی ہے۔ پنجاب میں صفائی صرف چینل پر دکھائی دیتی ہے۔مرتضی وہاب کی ہنگامی پریس کانفرنس کی وجہ یہ بنی تھی کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کہا تھا کہ میئر کی نااہلی کی وجہ سے پورا شہر ڈمپنگ پوائنٹ میں تبدیل ہوگیا ہے، میئر کراچی مرکزی سڑکوں سے نکلیں ۔ اورنگی ٹاؤن جائیں جہاں تعفن پھیل رہا ہے، ان کا کام صرف چونا لگانا ہے، پورے کراچی میں چونے کی جگہ ماربل کا پاوڈر گرایا جائے گا۔دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے بھی شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال تشویشناک قراردے دی۔
میئر کراچی مرتضی وہاب نے شہر میں صفائی کی صورتحال پر متحدہ قومی موؤمنٹ کی تنقید کے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم ’’مستقل قومی مصیبت‘‘ ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میں ایم کیو ایم والا نہیں، مجھے چونا لگانا نہیں آتا، کراچی کے ضلع وسطی میں پانچوں ٹاؤن جماعت اسلامی کے پاس ہیں وہاں صورتحال اچھی نہیں ہے۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں کی دھلائی شروع کردی گئی ہے، عبداللہ ہارون روڈ، برنس روڈ اور دیگر علاقوں کی عرق گلاب سے دھلائی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی شہر سے 37 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھائی جاچکی ہیں، تمام اضلاع میں آلائشیں اٹھانے کا کام جاری ہے۔ ٹیلی وژن پر صاف ستھرا پنجاب نظر آرہاہے یہ پنجاب حکومت کی منیجمنٹ ہے، لیکن ہمارے پاس میڈیا منیجمنٹ کے لیے پیسا نہیں ہے، میں کل سے سڑک پر ہی گھوم رہا ہوں لیکن باقی لوگ ٹھنڈی مشین میں بیٹھ کر الزامات کی سیاست کررہے ہیں۔

محنت کر حسد نہ کر ۔کیونکہ حسد کا علاج توحکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا، میئر کراچی کے بیان پرعظمیٰ بخاری کا ردعمل۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے میئر کراچی کی تنقید پر اپنے صوبہ کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ کہ محنت کر حسد نہ کر کیونکہ حسد کا علاج تو حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا۔ کا کہنا تھاکہ عید والے دن بھی آپ اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے فضول قسم کی تنقید کرنے سے باز نہیں آئے، وزیراعلیٰ پنجاب کا گراؤنڈ پر جانا اس لیے ضروری نہیں کیوں کہ ایک لاکھ چالیس ہزار لوگ،انتظامیہ اور وزرا گرؤانڈ پر موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مقصد آلائشیں اٹھانا اور صوبے کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہے، اس وقت پنجاب میں ایک لاکھ 40 ہزار ورکرز فیلڈ میں کام کررہے ہیں، دو دن سے وزیراعلی سندھ اور ان کے وزراء کی فوج منظرعام سے غائب ہے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ آپ صرف کراچی کو بھی صاف کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، پچھلے 16 سال سندھ حکومت اور اس کے بچے جموروں کا ایک ہی رونا ہے، بات میڈیا مینجمنٹ کی نہیں جو میڈیا کو دکھ رہا وہی میڈیا دکھا رہا ہے ۔عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے پاس نہ بتانے کو کچھ ہے نہ دکھانے کو کچھ، حسد کا علاج تو حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا،ایک محاورہ ہے محنت کر حسد نہ کر۔

قربانی کے جانوروں کی آلائشات کو ٹھکانے لگانے کا کریڈٹ لینے کے چکر میں سندھ حکومت بھی میئر کراچی کے دفاع میں کود پڑی۔

عید الاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی آلائشات کو ٹھکانے لگانے کے کریڈٹ لینے کے چکر میں میئر کراچی کے دفاع میں سندھ حکومت بھی کود پڑی ۔ ترجمان سندھ حکومت نے آئینہ تو پنجاب حکومت کی ترجمان عظمی بخاری کو دکھانا تھا لیکن انہوں نے میئر کراچی کی صفائی کے معاملہ میں بہتر کارکردگی کی صفائیاں بھی دے ڈالیں۔
سندھ حکومت کی ترجمان سمعتا افضال سید نے کہا کہ ترجمان پنجاب حکومت کو زمینی حقائق دیکھ کر بیان دینا چاہیے تھا۔کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی نے مکمل ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہے، لاہور میں تو کوئی میئر ہی نہیں ہے۔سندھ حکومت کی ترجمان نے مزید کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب خود فیلڈ میں ہیں اور صفائی کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔سمعتا افضال سید نے یہ بھی کہا کہ ترجمان پنجاب حکومت کو بیان دینے سے پہلے زمینی حقائق دیکھنے چاہیئں۔

  • Related Posts

    پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی عمرہ کی سعادت میں سعی کے دوران وائرل تصویر کی مقبولیت۔ عید پر آرمی جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایل او سی کا بھی دورہ کیا۔

    :محمد ندیم قیصر…

    عید الاضحی اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں سر تسلیم خم کرنے کا عظیم دن: صدر مملکت ۔وزیر اعظم اور چیئرمین سینیٹ کے پیغامات

    محمد ندیم قیصر…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *