
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
اسرائیل کی ایران کے خلاف بلااشتعال جارحیت کے بعد عالمی سطح پر تیل کے نرخ میں اضافہ کے منفی اثرات کی لپیٹ میں پاکستان بھی آ گیا اور اگلے دو ہفتوں کیلئے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں پونے پانچ روپے سے تقریباً 8 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا گیا۔ پاکستان کی فیڈرل گورنمنٹ کے مطابق ان تازہ ترین نرخ پر عملدرآمد 16 جون 2025 بروز سوموار سے شروع ہو گیا ہے۔ نئے نرخ نامہ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا اب 30 جون تک ہائی سپیڈ ڈیزل 7.95 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ایچ ایس ڈی کی سابقہ قیمت 254.64 روپے تھی لیکن نئی قیمت فی لیٹر 262.59 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ پٹرول کے نرخ میں بھی 4.80 روپے فی لیٹر کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے پونے پانچ روپے اضافہ کے ساتھ اگلے دو ہفتوں کیلئے فی لیٹر سابقہ نرخ نامہ 253.63 روپے کی بجائے 258.43 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کے نرخ میں عدم استحکام کے پیش نظر فیول ایڈجسٹمنٹ ناگزیر تھی: سرکاری مؤقف۔
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کے بارے میں سرکاری مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے جس کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ براہ راست عالمی منڈی سے جڑا ہوا ہے۔اسرائیل کی طرف سے ایران کے خلاف جارحیت سے تیل کی عالمی منڈی کے نرخ میں تیزی آئی ہے تیل کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا، برینٹ کروڈ فیوچر 7.02 فیصد اضافے کے ساتھ 74.23 ڈالر فی بیرل، 4.87 ڈالر کے اضافے کے ساتھ طے ہوا۔ اس سے پہلے دن میں، قیمتیں 13 فیصد سے زیادہ بڑھ کر 78.50 ڈالر کی انٹرا ڈے اونچائی تک پہنچ گئی تھیں، جو سرمایہ کاروں کے خدشات کے باعث چل رہی تھی کہ تنازع مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔