:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ایوانِ تجارت و صنعت ملتان میں نیسلے مصنوعات کے حوالے سے آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ، نائب صدر اظہر بلوچ، نوشین جعفری، محمد حسن خان، خواجہ صلاح الدین، خواجہ محمد حسین، میاں فضل الہی شیخ، جمشید نقوی، خواجہ محمد اسلام، سیکرٹری جنرل ایوان تجارت و صنعت ملتان محمد شفیق اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔
ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں بختاور تنویر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیسلے جیسی کمپنیاں نہ صرف صارفین کا اعتماد حاصل کیے ہوئے ہیں بلکہ اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے ذریعے پاکستان بھر میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے پروفیشنل کا معیار پورے پاکستان میں تسلیم شدہ ہے اور عوام بلاجھجک ان کی مصنوعات پر اعتماد کرتے ہیں۔ میاں بختاور نے ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ چیمبر کے 2200 سے 2500 فعال اراکین ہیں اور یہ دو کیٹیگریز ٬ کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ میں تقسیم ہیں۔
ایوان میں مختلف تقاریب، تربیتی سیشنز منعقد کیے جاتے ہیں ٬ حکومت کے ساتھ کاروباری و صنعتی معاملات پر مذاکرات بھی کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیسلے کسی تعارف کی محتاج نہیں، اس کی مصنوعات کی وسیع رینج موجود ہے اور تقریباً ہر شہری کسی نہ کسی صورت میں نیسلے کی مصنوعات کا استعمال کر رہا ہے۔ یہ کمپنی پروڈکٹ کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی اور گزشتہ 37 برسوں سے پاکستان میں کامیابی سے خدمات انجام دے رہی ہے۔
تقریب سے نیسلے کمپنی کی نمائندہ نوشین جعفری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیسلے گزشتہ 37 برسوں سے پاکستان میں اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے ذریعے صارفین کا اعتماد حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی شیخوپورہ اور کبیر والا میں بڑی فیکٹریاں قائم ہیں جہاں سے وسیع پیمانے پر پیداوار کی جا رہی ہے، جس کی بدولت نیسلے مقامی مینوفیکچرنگ کے ذریعے صارفین کو کم قیمت پر بہترین معیار فراہم کر رہی ہے۔
نوشین جعفری نے مزید بتایا کہ نیسلے ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی سرگرم ہے اور پلاسٹک کو دوبارہ استعمال میں لانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ہر سال کمپنی تقریباً 50 ہزار درخت لگا رہی ہے تاکہ ماحول بہتر کیا جا سکے۔ رواں سال نیسلے نے 10 ملین ڈالر سے زائد کی ایکسپورٹ بھی کی ہے۔ ان کے مطابق کمپنی کی 79 فیصد پیداوار مقامی سطح پر ہو رہی ہے اور نیسلے کی مصنوعات اور اقدامات کو دنیا بھر میں فالو اور سراہا جا رہا ہے۔
اس موقع پر محمد حسن خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیسلے کی مصنوعات نہ صرف معیاری اور عالمی سطح کے معیار پر پورا اترتی ہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیسلے کی مصنوعات میں نیس کیف (کافی)، میلو (انرجی ڈرنک)، نیسلے ایوری ڈے (دودھ پاؤڈر)، سیری لیک (بچوں کی خوراک)، نیسلے پیور لائف (پینے کا پانی)، میگی (نوڈلز)، ملک پیک (دودھ و کریم)، کٹ کیٹ (چاکلیٹ)، اور نیسلے (آئس ٹی) جیسی کئی معروف اور پسندیدہ پروڈکٹس شامل ہیں جو صارفین کی مختلف ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ نیسلے جیسی عالمی سطح کی کمپنیاں نہ صرف صارفین کے اعتماد پر پورا اترتی ہیں بلکہ ملکی معیشت کے استحکام، سماجی ترقی اورماحولیاتی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔