بجٹ میں پنشن فنڈز کاحجم ایک ٹریلین روپے سے تجاوزکرگیا: وزیرخزانہ محمداورنگزیب

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر پائیداربنیادوں پرعمل درآمد کیاجا رہا ہے،امریکی ٹیرف کے حوالہ سے پاکستان مسابقتی مارکیٹ ہے، بجٹ میں پنشن کیلئے فنڈز کا حجم ایک ٹریلین روپے سے تجاوز کرگیاہے جو ترقیاتی بجٹ سے زیادہ ہے۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ خطہ میں کشیدگی کی صورتحال اوراس ملک پراس کے ممکنہ معاشی اثرات کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس حوالہ سے تمام شراکت داروں کے ساتھ ہماری مفید بات چیت ہوئی ہے،اس کا مقصدتوانائی کے معقول ذخائراوران کی قیمتوں کی نگرانی کویقینی بنانا ہے، حکومت صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، امیدہے کہ صورتحال میں بہتری آئےگی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ان کی امریکی وزیرتجارت سے مفیدبات چیت ہوئی ہے، دونوں ممالک درست سمت میں اقدامات اٹھارہے ہیں،امریکی ٹیرف کے حوالہ سے پاکستان ایک مسابقتی مارکیٹ ہے، دونوں ممالک تزویراتی شراکت دارہے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر پائیدار بنیادوں پرعمل درآمدکیا جائیگا، ٹیکس،ایس اوایز اور توانائی سمیت قومی معیشت کے اہم شعبوں میں اصلاحات کاعمل جاری رہے گا،سرکاری اخراجات میں کمی اور قرضوں کے منظم انتظام وانصرام کئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں، پنشن سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کاعمل جاری ہے اورہمیں اسے آگے بڑھانا ہے۔انہوں نے کہاکہ بجٹ میں پنشن کیلئے فنڈز کا حجم ایک ٹریلین روپے سے تجاوزکرگیاہے جو ترقیاتی بجٹ سے زیادہ ہے،ہمیں دیگرشعبوں کیلئے وسائل کی فراہمی کویقینی بناناہے، بجٹ میں 10ملین روپے سے زیادہ پنشن پر۔ 5 فیصد ٹیکس کی تجویز دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ اور پنشن کنٹری بیوشن کے حوالہ سے بالترتیب سندھ اورخیبر پختونخوا کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ٹیرف اصلاحات بنیادی تبدیلیاں ہے،اس سے بعض صنعتیں متاثرتو ہوں گی جس کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی بنائی ہے جس میں تمام متعلقہ شراکت دارشامل ہیں، کمیٹی تبدیلیوں کے عمل میں معاونت فراہم کرے گی۔

  • Related Posts

    ملکی تاریخ میں پہلی بار ساڑھے8 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف حاصل۔ ماڈل ایگریکلچر مال فعال کرنے کی ہدایت ۔

    :محمد ندیم قیصر…

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امدادی رقوم کی ادائیگی کو ریٹیل ماڈل پر منتقل کرنے کا فیصلہ۔ شکایت ازالہ کیلئے کنٹرول روم قائم ۔

    : محمد ندیم…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *