
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان بھر میں وفاقی اور صوبائی پیشہ ورانہ اداروں میں دی جانے والی تربیت کو بین الاقومی معیار کا بنانے کیلئے لائحہ عمل پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار تلاش کرنے میں آسانی ہو ۔ اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی بریفنگ رپورٹ کے حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بین الاقوامی معیار کی تربیت سے ہماری افرادی قوت کی بیرون ملک کھپت بڑھے گی اور زر مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔تمام تربیتی اداروں کی بین الاقوامی ایکریڈٹیشن کروائی جائے۔ بریفنگ رپورٹ میں وزیر اعظم کو پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے لئے گئے اقدامات بارے اعتماد میں لینے کا ذکر کیا گیا ہے رپورٹ کے مطابق نیوٹیک نے ملک بھر میں وفاقی اور صوبائی تربیتی اداروں کی میپنگ کرلی گئی ہے۔نیوٹیک کے نیشنل ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کیا جا چکا ہے۔پبلک سیکٹر کے تمام پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کو نیو ٹیم کے سنگل ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لایا جا رہا ہے اور نصاب کی اسٹینڈرڈائزیشن بھی کی جا رہی ہے۔
نیوٹیک کے زیر انتظام 24ـ2023ءمیں دی گئی ٹریننگ کے 53 فیصد افراد کو ملازمت مل چکی ہے. یہ ڈیٹا تربیت کے چھ ماہ بعد حاصل کیا گیا تھا۔2020ء سے 2024ء تک نیوٹیک کے تحت پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے والے 25 ہزار سے زائد افراد کو بیرون ملک ملازمت ملی ۔ اس سال ایک لاکھ 46 ہزار افراد کو خدمات، سیاحت ، آئی ٹی، بینکنگ، ٹیکسٹائل اور تعمیرات کے شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت دی گئی شامل ہیں۔اگلے سال کا ہدف 3 لاکھ پچاس ہزار ہے۔ بریفنگ رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اس حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، چئیر مین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔