:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے نیپرا کنزیومر سروس مینول کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیجز 28اور 31کے صارفین کی بلنگ کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ ڈائریکٹرکمرشل میپکو اسد حماد کے مطابق حالیہ دنوں میں قدرتی آفات کے باعث میپکو کے دائرہ اختیار کے کئی علاقے سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیچ نمبر 28 اور 31 میں سیلاب سے متاثرہ صارفین کے بلز،نیپرا کنزیومر سروس مینول کے مطابق تیار کئے جائیں گے۔
ستمبر 2025ء کے لئے بیج نمبر 28اور بیج نمبر 31کے صارفین کے بلز ڈسکریپنسی کوڈ 40کے تحت (تالہ بند) کی جائے گی اور صارفین کو گزشتہ سال (ستمبر 2024ء) کی اسی مدت کی کھپت کو استعمال کیا جائے گا اور اگرگزشتہ سال کا استعمال دستیاب نہ ہو گزشتہ مہینے (اگست 2025ء) کی کھپت کو مدنظر رکھا جائیگا۔نیپرا کنزیومرسروس مینول کے تحت اگر کسی بھی قدرتی آفت کی وجہ سے ڈسکوز کے لئے میٹر ریڈنگ لینا ممکن نہ ہو تو صارف کو اوسطاً بل جاری کیا جا سکتا ہے جو کہ یا تو گزشتہ ایک سال کی اوسط کھپت پر مبنی ہوگا یا پھر پچھلے بارہ ماہ میں سے کم کھپت والے مہینے کی بنیاد پر ہوگا۔ ایسے حالات میں صارف کو رعایتی بل دیا جائے گا اور بل میں دی گئی کھپت کو اصل ریڈنگ موصول ہونے پر درست کر دیا جائے گا۔