
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن میپکو شہزاد راعی نے مون سون سیزن میں بجلی صارفین کی مشکلات دور کرنے کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صارفین کو بلاتعطل اور بہتروولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی میپکو کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام افسران اور عملہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ فیلڈ سٹاف زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کریں تاکہ بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کم ہوں۔ہائی ٹینشن فیڈرز کی بائفرکیشن اور ایریاپلاننگ کے منصوبے مکمل کرکے گرمی کے موسم اور مون سون کے دوران صارفین کو ریلیف فراہم کیاجائے۔ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ اور فیلڈ میں متحرک کردار ادا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔وہ خانیوال سرکل کے دورے کے موقع پر آپریشنل افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بہتر تقسیم اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیڈرز کی ایریاپلاننگ اور ٹرپنگ کے مسائل پر قابوپانے کے لئے فیڈرز اور لائنوں میں بار بار ہونے والی ٹرپنگ کی وجوہات تلاش کی جائیں اور ان کا مستقل حل کیاجائے۔ ضرورت کے مطابق اوورلوڈڈ اور پرانے ٹرانسفارمرز کو فوری طور پر تبدیل کیاجائے تاکہ لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج کے مسائل سے بچا جا سکے۔ڈسٹری بیوشن سسٹم کی مرمت و بحالی کے منصوبے کے تحت سسٹم کی وقتاً فوقتاً مرمت اور دیکھ بھال کے ذریعے لائن لاسز کم کرنے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔ پرانے ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن اور استعداد میں اضافے کے لئے نئے منصوبے شروع کئے جائیں۔چیف انجینئر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں اور بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔اس موقع پر سپریٹنڈنگ انجینئر خانیوال سرکل مشتاق احمد اٹھنگل، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل نصراللہ خان ناصر، ڈپٹی کمرشل منیجر زاہد قربان، ایکسین کبیر والہ ڈویژن انجینئرملک کاظم اعوان اور ایس ڈی او سیکنڈ خانیوال سب ڈویژن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
میپکوآفس اسسٹنٹ سے آفس سپریٹنڈنٹ کے عہدے کے ترقی کے محکمانہ پروموشن ٹریننگ امتحان کے نتائج جاری۔
ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے شعبہ ٹریننگ وامتحانات نے آفس اسسٹنٹ سے آفس سپریٹنڈنٹ کے عہدے کے ترقی کے محکمانہ پروموشن ٹریننگ امتحان کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ و امتحانات میپکو ظلے ہما کے مطابق جی ایس او ساہیوال کے آفس اسسٹنٹ محمد فیاض احمد اور عامر اقبال نے مشترکہ طورپر پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ وہاڑی کے محمد سیماب احمد نے دوسری اورجی ایس او ملتان سرکل کی آفس اسسٹنٹ سمیرا جمیل تیسرے نمبر پر رہیں جبکہ دیگر کامیاب ہونے والے آفس اسسٹنٹس میں عدیل مشتاق (خانیوال)، احتشام اصغر (مظفرگڑھ)، طارق سہیل (وہاڑی)، مصباح ناصر (بہاولپور)، محمد لبیب الرحمن (ڈی جی خان) شامل ہیں۔