
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعصام الحق نے اسلام آباد میں ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل اور نئے ٹینس کورٹس کے فقدان کے بارے میں آگاہ کیا۔محسن نقوی نے اسلام آباد میں ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹینس کے کھیل کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ نئے ٹینس کورٹس بھی بنائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کی طرح پاکستان میں ٹینس کا بھی بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور چاہتے ہیں کہ ٹینس میں بھی پاکستانی کھلاڑی ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں پیڈل ٹینس کا کھیل بھی مقبول ہورہا ہے۔ پیڈل ٹینس کے نئے مواقع سے نوجوانوں کو بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مکمل سپورٹ کریں گے۔پی سی بی پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کئے تیار ہے۔اعصام الحق قریشی نے پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد پیش کی۔اعصام الحق نے ملک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہا۔اعصام الحق نے ٹینس کورٹس سے متعلق مسائل کے حل اور نئے ٹینس کورٹس بنانے کی یقین دہانی پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔