آئی جی پنجاب کو وکیل ذیشان ڈھڈی کا قتل ہضم نہیں ہونے دیں گے،صدر ہائی کورٹ
ملتان(سدرہ فاروق)
ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر محمد اظہر خان مغل نے جنرل سیکرٹری صفدر سرسانہ سیال ،نائب صدرحافظ شعیب قریشی، نادرہ نور،امتیاز مرالی، شہزاد میتلا،نادر مرالی ،منظر بلال کے ہمراہ وہاڑی بار کے رکن ذیشان شبیر ڈھڈی کے قتل کے سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قاتل ایس ایچ او ماچھی وال کی صرف معطلی سے کام نہیں چلے گا
ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ ذیشان شبیر ڈھڈی کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا جائے
ہم انہیں سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں آج پہلی بار لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں مکمل ہڑتال ہوئی ہے
اور وکلاء مقتول کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹ کیسز میں بھی پیش نہیں ہوئے تمام بارز میں ہڑتال بھی جاری رہے گی
اور پولیس کا داخلہ بھی بند رہے گا ہمیں کمزور نہ سمجھا جائے ہم وکلاء کے جنوبی پنجاب کنونشن کے فیصلوں کے مطابق اپنے لائحہ عمل پر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے
لائحہ عمل کے مطابق 9دسمبر 2025بروز منگل دن 11بجے ہائیکورٹ بار ملتان میں آل پاکستان احتجاجی جلسہ منعقد کریں گے
جس کے بعد پر امن ریلی نکالی جائے اور ملتان میں موجود آر پی او آفس کا گھیرائو کریں گے جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڈ،احسن بھون،حامد خان سمیت تمام گروپوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی
کیونکہ یہ ایشو کالے کوٹ کی حرمت اور مقتول وکیل کا ایشو ہے نہ کہ سیاسی جلسہ ہے اسے کامیاب کرنے میں سینیئرز،خواتین اور نوجوان وکلاء اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور تمام وکلاء ذیشان شبیر ڈھڈی کے پیچھے کھڑے ہیں ۔