: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
آل راؤنڈر فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ نے جیت کے نشہ میں چور بنگلہ دیشی باؤلرز کے چھکے چھڑوا دیئے میزبان ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کو رسوائی سے تو بچا لیا مگر تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ اور سیریز میں 0ـ2 کی شکست سے نہ بچا پائے ۔ بنگلہ دیش نے ہزاروں تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے شیر بنگال سٹیڈیم میں تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
بنگلہ دیش کے 133 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ اننگز کے آغاز میں ہی خزاں کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور بنگالی نپی تلی باؤلنگ نے صرف 15 رنز پر آدھی ٹیم واپس پویلین پہنچا دی۔ اگلی دو وکٹیں 32 رنز کے اضافہ کے ساتھ گر گئیں اور آٹھویں وکٹ 88 رنز پر گری تو اس وقت پاکستان کو 23 گیندوں پر 45 رنز درکار تھی اور فہیم اشرف کی صورت جیت کی کرن دکھائی دے رہی تھی فہیم اشرف نے احتیاط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے “اب نہیں تو کبھی نہیں” فارمولہ کے تحت بنگالی باؤلرز پر ایسا لاٹھی چارج شروع کیا کہ سیریز کیا کہ میچ جیتنے کا نشہ بھی ہرن ہو گیا۔ لیکن 19ویں اوور کی آخری گیند پر فہیم اشرف کو سپنر رشاد حسین نے کلین بولڈ کیا تو سٹیڈیم میں فتح کے شادیانے بجنے لگے ۔ فہیم اشرف نے 32 گیندوں پر 4 چوکوں 4 چھکوں کی مدد سے 52 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی ۔فتح کی جستجو میں عباس آفریدی نے 13 گیندوں پر 19 رنز (1چھکا 2 چوکے)۔ ڈیبیو میچ کھیلنے والے باؤلر لیکن ٹیل اینڈرز بیٹسمین احمد دانیال نے 11 گیندوں پر 17رنز(3 چوکے)ـ خوشدل شاہ 18 گیندوں پر 13 رنز (1چوکا) ساتھ دیا۔ دوسری طرف پاکستان کی بیٹنگ کو اپنی بدتر مایوس کن کارکردگی سے تماشہ بنانے والے ابتدائی 6بیٹرز میں سے محمد حارث۔ حسن نواز اور محمد نواز کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 23 گیندوں پر 9 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب چار گیندوں پر ایک رن بنا پائے تھے کہ رن آؤٹ ہو گئے۔ فخر زمان 8 گیندوں پر 8 رنز(1چوکا) جوڑ پائے۔
بنگلہ دیشی اٹیک نے پاکستانی بیٹنگ کے پرخچے اڑائے لیکن فہیم اشرف کی گولڈن وکٹ رشاد حسین لے اڑے۔
بنگلہ دیشی اٹیک نے پاکستانی بیٹنگ کے پرخچے اڑائے لیکن فہیم اشرف کی گولڈن وکٹ رشاد حسین لے اڑے۔ فرسٹ اٹیک باؤلر مہدی حسن نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض دو۔ سیکنڈ اٹیک باؤلر شرف الاسلام نے 4 اوورز میں 17 رنز کے بدلے تین وکٹیں اڑائیں۔ تنظیم حسن ثاقب نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر دو ۔مستفیض الرحمان نے 3.2 اوورز میں 15 رنز دے کر خطرہ کی علامت بنتے ہوئے احمد دانیال کی میچ وننگ وکٹ حاصل کی۔ رشاد حسین نے فہیم اشرف کی گولڈن وکٹ حاصل کرتے کرتے چار اوورز کے کوٹہ میں 42 رنز دے ڈالے اور میزبان ٹیم کے مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے۔
قبل ازیں بیسٹ آف تھری سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ میں صرف 28 رنز پر 4 وکٹیں کھونے والی بنگلہ دیشی ٹیم نے مڈل آرڈر جوڑی جاکر علی اور مہدی حسن کے مابین پانچویں وکٹ کیلئے 56 رنز کی پارٹنر شپ کی بدولت سانس بحال ہوئے تو اننگز کے آخری 6 اوورز میں آخری پانچ بیٹرز نے مزید 49 رنز بنا کر ٹیم کیلئے 133 رنز کا مجموعہ سکور بورڈ پر سجایا جو پاکستان کے خلاف دوسرا میچ اور سیریز جیتنے کیلئے کافی ثابت ہوا۔
پاکستان کی باؤلنگ کارکردگی شیٹ کے مطابق ڈیبیو میچ کھیلنے والے احمد دانیال نے 23 رنز۔ سلمان مرزا نے 17 رنز اور عباس آفریدی نے 37 رنز دے کر دو دو آؤٹ کیے ۔ فہیم اشرف کو 20 اور محمد نواز کو 19 رنز کے بدلے ایک ایک وکٹ ملی۔