
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
سولر پاکستان نمائش ملتان میں کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔پاکستان کو متبادل توانائی کی جانب تیزی سے منتقل کرنے کی ایک اہم پیش رفت ثابت ہونے والی تین روزہ سولر پاکستان 2025ء نمائش ملتان میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی ۔ فیکٹ ایگزیبیشن ز کے زیرِ اہتمام اس نمائش میں پچاس سے زائد نمایاں کمپنیاں، توانائی کے ماہرین، پالیسی ساز اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز شریک ہوئے۔ اس موقع پر کاروباری طبقے اور عوام کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، جناب فواد ہاشم ربانی تھے۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ۔ سولر پاکستان جیسے ایونٹس جنوبی پنجاب جیسے خطوں میں متبادل توانائی کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔ یہاں سورج کی بھرپور روشنی اور بڑھتی ہوئی آگاہی جنوبی پنجاب کو متبادل توانائی کے میدان میں قابل ذکر علاقہ بنا سکتی ہے۔ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری کو سہولت دینے اور جدید حل فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
سمارٹ سولر پینلز، ہائبرڈ سسٹمز اور دیہی علاقوں کے لیے جدید متبادل توانائی کے ماڈلز پیش۔
فیکٹ ایگزیبیشن ز کے سی ای او، سلیم خان تنولی نے کہاکہ سولر پاکستان 2025ء ملک کی متبادل توانائی کے سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس نمائش کو ملتان میں منعقد کر کے ہم جنوبی پنجاب کے شمسی صلاحیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں جدت اور عملی اقدامات مل کر ایک سرسبز مستقبل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔سلیم تنولی کا مزید کہنا تھا کاروباری مواقع، مختلف کمپنیوں میں شراکت داری اور زمینی سطح پر قابلِ عمل اقدام کے دروازے کھولے ہیں، جو پاکستان کے جاری توانائی بحران کے حل میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اس نمائش میں اسمارٹ سولر پینلز، ہائبرڈ سسٹمز اور دیہی علاقوں کے لیے جدید متبادل توانائی کے ماڈلز پیش کیے گئے۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور ماحولیاتی چیلنجز کے تناظر میں، سولر پاکستان 2025ء نے متبادل توانائی کی طرف فوری منتقلی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ اس کامیاب ایونٹ نے ملتان کو اختراعات کا ایک ابھرتا ہوا مرکز ثابت کیا اور اس حقیقت کو نمایاں کیا کہ ملتان شہر بھی پاکستان کی توانائی کے تحفظ کے سفر میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔