126

پاکستان سیریز ہارنے کے بعد بنگلہ دیش کو گھٹنوں کے بل لے آیا۔تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آؤٹ کلاس کامیابی ۔

: محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

پاکستان سیریز ہارنے کے بعد بنگلہ دیش کو گھٹنوں کے بل لے آیا۔تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں آؤٹ کلاس کامیابی اپنے نام کر لی ۔ مہمان ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرنے کی مچلتی خواہش میزبان ٹیم کیلئے حسرت بن کے رہ گئی۔ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی اوپننگ جوڑی نے بنگلہ دیشی باؤلنگ اٹیک کو پہلی بال سے نشانہ پر رکھا مڈل آرڈر لڑکھڑایا ۔ لیکن رنز بنانے کی رفتار برقرار رہی اور پاکستان نے 178 رنز بنا کر میچ وننگ کا ٹاسک باؤلرز کو سپرد کیا تو سلمان مرزا اور فہیم اشرف کی قیادت میں بعد میں آنیوالے باؤلرز نے بھی لاج رکھی اور بنگلہ دیشی اننگز 104 رنز پر سمیت کر میچ میں 74 رنز کے بھاری مارجن والی فتح سمیت لی۔

صاحبزادہ فرحان کو پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں والی دھواں دھار ففٹی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا مہمان ٹیم کے جاکر علی کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

صاحبزادہ فرحان۔ حسن نواز۔ محمد نواز ۔ صائم ایوب کی دھواں دھار بیٹنگ نے بنگالی شائقین کی نگاہوں میں سیریز میں شاندار فتوحات کے مناظر دھندلا دیئے

شیر بنگال نیشنل سٹیڈیم پر اپنی ٹیم کی دو شاندار فتوحات کے ساتھ سیریز میں فیصلہ کن برتری کا تاریخی منظر دیکھنے والے ہزاروں بنگالی شائقین کے نگاہوں سے سارے مناظر پاکستانی جارح مزاج بیٹسمین صاحبزادہ فرحان کے شاندار 63 رنز کے علاوہ حسن نواز کے 33 رنز۔ محمد نواز اور صائم ایوب کی چوکوں چھکوں سے مزین دھواں دھار بیٹنگ نے دھندلا دیئے ۔ صاحبزادہ فرحان کو فخر زمان کی جگہ قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے، پاکستان کے اوپنرز نے 82 رنز کا مضبوط اسٹینڈ قائم کیا، جس میں صاحبزادہ فرحان نے بنیادی جارحانہ کردار ادا کیا صائم ایوب نے دوسری باری کھیلی۔

گرین شرٹس نے اپنا پاور پلے فرحان کے ساتھ بغیر کسی نقصان کے 57 رنز پر ختم کیا، سیریز کا اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے تسکین احمد کے ایک اوور میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 15 رنز بھی بٹورے گئے۔صاحبزادہ نے رفتار کو جاری رکھا اور اس عمل میں اپنی نصف سنچری تک پہنچ گئے۔ آٹھویں اوور میں نسیم احمد کو چھکا لگانے کے بعد صائم کی اننگز تمام ہو گئی بائیں ہاتھ کے بلے باز ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 15 گیندوں پر 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پہلی وکٹ پانے کے بعد بنگلہ دیش نے رنز کی رفتار کو کنٹرول کرنے اور وکٹیں حاصل کرنے کی حکمت عملی کے ساتھ میچ میں واپس آنے کی کوشش کی ۔بارہویں اوور میں 97 کے مجموعے پر صاحبزادہ فرحان کو پویلین کا راستہ دکھایا گیا لیکن اس وقت تک فرحان41 گیندوں پر 63 (پانچ چوکے۔پانچ چھکے) پر مشتمل جارحانہ اننگز کھیل چکے تھے۔ اس مرحلہ پر ون ڈاؤن بیٹر محمد حارث ٹھوس پلیٹ فارم پر فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔ 14 گیندوں پر 5 رنز بنا کر تسکین احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔خوشدل شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے حسین طلعت بھی پچ پر نہ ٹھہیر پائے۔تاہم اننگز کے آخری مرحلے میں حسن نواز کے 17 گیندوں پر 33 اور محمد نواز کے 16 گیندوں پر 27 رنز ہی پاکستان کو 178 رنز کے مجموعے تک لے جانے کے لیے کافی ثابت ہوئے۔بنگلہ دیش کی باؤلنگ پرفارمنس شیٹ کے مطابق تسکین احمد نے تین نسیم احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں

پاکستانی باؤلنگ اٹیک نے بنگلہ دیش کا سیریز میں وائٹ واش کا خواب چکنا چور کردیا۔

پاکستانی باؤلنگ اٹیک نے بنگلہ دیش کا سیریز میں وائٹ واش کا خواب چکنا چور کردیا۔ شیر بنگال کی مشکل پچ پر 178 رنز کے ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا ٹاپ آرڈر پاکستان کے تیز گیند بازوں نے زمین بوس کردیا۔ ہوم سائیڈ پاور پلے میں اپنی آدھی ٹیم 25 رنز پر گنوا بیٹھی، ایسی ہی صورتحال جس کا سامنا مہمانوں کو دوسرے ٹی 20 میں کرنا پڑا تھا۔

ٹائیگرز نے تنزید حسن کو پہلے اوور کی دوسری گیند پر گولڈن ڈک کے لیے کھو دیا۔ کپتان لٹن داس (8رنز) اور تجربہ کار مہدی حسن (9رنز) کو بھی یکے بعد دیگرے پویلین چلتا کردیا گیا۔ہوم سائیڈ چوتھے اوور میں تین وکٹیں 22 رنز پر گنوا چکی تھی۔
ابتدائی اوورز میں تباہی مچانے والے پاکستانی باؤلنگ اٹیک نے پانچویں اوور میں بنگلہ دیشی بیٹنگ لائن پر ایک اور تباہ کن اٹیک کیا۔ جب سلمان مرزا نے جاکر علی (1رن) اور مہدی حسن کو دو گیندوں کے وقفے میں گولڈن ڈک پر کلین بولڈ کر دیا۔
بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل اور لوئر آرڈر بھی کوئی خاطر خواہ پارٹنر شپ نہ دکھا سکا۔ ہوم سائیڈ ایک بار 14.5 اوورز میں 81-9 پر رینگ رہی تھی۔ تاہم، سب سے زیادہ سکورر محمد سیف الدین کی تیز دھڑکنوں نے انہیں تھری فیگر کا ہندسہ عبور کرنے میں مدد کی۔لیکن پوری ٹیم سترھویں اوور میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سیف الدین 34 گیندوں پر دو چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے پرفارمنگ باؤلرز میں سے سلمان مرزا نے اپنے چار اوورز کے کوٹہ میں 19 کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف اور محمد نواز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں