
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹوئینٹی سیریز کا ٹرافی رونمائی سےآغاز ہو گیا۔ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ امریکی وینیو پر کھیلنے کا ہمیں بڑی بے صبری سے انتظار تھا
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیمیں امریکہ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہورہی ہیں۔ تینوں میچز لاڈرہل فلوریڈا کے براورڈ کاؤنٹی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل پاکستان کے وقت کے مطابق جمعہ کی صبح پانچ بجے شروع ہوگیا دوسرا میچ اتوارکی صبح پانچ بجے اور اسی طرح تیسرا میچ پیر کی صبح پانچ بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور لاڈرہل کے درمیان 9 گھنٹے کا فرق ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلیں گی ۔8 ۔10 اور 12 اگست کو یہ میچز برائن لارا اکیڈمی ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں کھیلے جائیں گے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے اس نے کھیلے گئے 21 میں سے15 میچ جیتے ہیں صرف 3 میچوں میں اسے شکست ہوئی ہے اور تین میچز نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔
دریں اثناء پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل کر لاڈرہل پہنچی ہے جہاں اس نے پریکٹس سیشن کیے ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے دو میچوں میں شکست ہوئی تھی تاہم اس نے تیسرے میچ میں74 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں صاحبزادہ فرحان کی پانچ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائی گئی63 رنز کی اننگز قابل ذکر تھی۔ویسٹ انڈیز نے اپنی آخری ٹی ٹوئینٹی سیریز آسٹریلیا کے خلاف کھیلی ہے جس میں اسے پانچ صفر کی شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز 2021ء میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی تھی جو پاکستان نے ایک صفر سے جیتی تھی۔
امریکی وینیو پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئینٹی سیریز کھیلنے کا بے صبری سے انتظار تھا۔ سلمان علی آغا
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کہتے ہیں کہ ہمیں امریکی وینیو پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئینٹی سیریز کھیلنے کا بے صبری سے انتظار تھا
ہم اس شاندار وینیو پر کھیلنے کے منتظر ہیں اور ہمارا یہاں اب تک کا وقت دلچسپ رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ تین ٹی ٹوئینٹی بھی اچھے ہوں گے اور ایک ٹیم کے طور پر ہم میدان میں اترنے کے لیے بے صبری سے منتظر تھے۔ہمارے پاس اپنے سکواڈ میں نوجوانوں اور تجربے کا عمدہ امتزاج ہے اور یہ بہت اچھی بات ہے کہ ہم ایک اور ٹی ٹوئینٹی سیریز میں جا رہے ہیں کیونکہ ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں تیزی آرہی ہے۔ویسٹ انڈیز ایک مضبوط ٹی ٹوئینٹی ٹیم ہے حالانکہ ان کے نتائج حال ہی میں ٹھیک نہیں آرہے ہیں پر اس سیریز میں ان کو ہمیں ہرانے کے لیے اپنا بہترین کھیل کھیلنا پڑے گا۔
دریں اثناء پاکستان ٹیم میں فاسٹ بولرز شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کی واپسی ہوئی ہے۔اوپنر فخرزمان کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے دو ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 99 رنز درکار ہیں۔پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سلمان علی آغا ( کپتان ) ۔فخرزمان ۔ صاحبزادہ فرحان( وکٹ کیپر )۔ صائم ایوب۔ حسن نواز۔ محمد حارث ( وکٹ کیپر)۔ محمد نواز۔ خوشدل شاہ۔ حسین طلعت۔ ابرار احمد ۔شاہین آفریدی۔ حارث رؤف۔ فہیم اشرف ۔حسن علی اور سفیان مقیم ۔