
: محمد ندیم قیصر (ملتان
: تفصیلات
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز دورے کے دوران کپتان سلمان علی آغا اور تیز رفتار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان کسی تلخی ۔نوک جھونک یا کسی بھی قسم کے تنازعہ کی صدائے بازگشت کی تردید کردی تیز گیند باز شاہین آفریدی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا۔
پی سی بی نے تیز گیند باز شاہین آفریدی کے کپتان سلمان آغا کے ساتھ اختلافات سے منسوب رپورٹس کو بے بنیاد، من گھڑت اور ہتک آمیز قرار دیا۔اور یہ مؤقف اختیار کیا کہ پی سی بی اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ٹریننگ یا پریکٹس سیشن کے دوران کسی بھی موقع پر ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بدنیتی پر مبنی افواہیں مکمل طور پر فرضی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ قومی اسکواڈ کے اندر اختلافات کے بیج بونے کے لیے جان بوجھ کر گھڑی گئی ہیں۔
شاہین سلمان بارے افواہ سازی کا مقصد ٹیم کی پیشہ ورانہ سالمیت کو نقصان پہنچانا قرار
پی سی بی کے مطابق شاہین آفریدی اور سلمان آغا کے درمیان جھگڑے کی افواہوں کا مقصد کھلاڑیوں اور ٹیم کی پیشہ ورانہ سالمیت کو نقصان پہنچانا تھا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا، “پی سی بی سخت قانونی کارروائی شروع کرے گا، بشمول ہتک عزت اور سائبر کرائم کے الزامات تک محدود نہیں، ان افراد اور/یا اداروں کے خلاف جو اس جھوٹے بیانیے کو شروع کرنے اور پھیلانے کے ذمہ دار ہیں۔ پی سی بی اپنے کھلاڑیوں، عملے اور قومی ٹیم کے تقدس کو غیر ضروری اور نقصان دہ قیاس آرائیوں سے بچانے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی سلمان علی آغا کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہیں۔اور یکم اگست کو سیریز کے عین آغاز پر ان دونوں کے درمیان تنازعات سوشل میڈیا پر اچھالے گئے جس کی پی سی بی نے سختی سے تردید کر دی ہے۔