
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز کا کامیابی کی سلامی کے ساتھ آغاز تو کردیا لیکن کپتان سلمان علی آغا کو وکٹ کیپر بیٹسمین محمد حارث کے بیٹنگ نمبر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے پر لینے کے دینے پڑ گئے حالانکہ ذرائع کے مطابق یہ کپتان نہیں بلکہ غیر ملکی کوچ ہیسن کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ پچھلے چند میچز سے فارم کے متلاشی محمد حارث کو اس نفسیاتی دباؤ سے باہر لایا جائے کہ وہ پرفارم نہیں کر پا رہے اور انہیں ایک دو میچز کیلئے ون ڈاؤن کی بجائے لوئر آرڈر نمبر پر بیٹنگ کروائی جائے لیکن نیک نیتی کے ساتھ کیے گئے اس فیصلہ پر عملدرآمد کرتے ہی حارث فینز “آگ بگولہ” ہو گئے اور سوشل میڈیا پر محمد حارث کی بیٹ ہوا میں لہراتے ہوئے ہنستی مسکراتی تصویر شیئر کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا کی ٹرولنگ شروع کردی اور یہاں تک بول کردیا گیا کہ ون ڈے کپتان محمد رضوان کی ٹی 20 ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔ حالانکہ محمد رضوان کا ٹی 20 سکواڈ سے انخلاء کا فیصلہ قومی سلیکشن کمیٹی کا تھااور نئے باصلاحیت ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو ٹی 20 انٹرنیشنل کے افق پر سٹار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ویسے بھی اس وقت موجودہ سکواڈ میں محمد حارث کے ساتھ ساتھ ان ہی کے موڈ مزاج کے وکٹ کیپر بیٹسمین صاحب زادہ فرحان علی بھی پہلے سے موجود ہیں اور چوکوں چھکوں کی آؤٹ سٹینڈنگ پرفارمنس بھی دکھا رہے ہیں۔
یہ تو حارث فینز کے ردعمل کا جوابی تبصرہ تھا لیکن جب محمد حارث ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں یکدم ون ڈاؤن سے لوئر بیٹنگ آرڈر 8ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجے گئے اور اس وقت پاکستانی اننگز کی ایک ہی گیند باقی بچی تھی لیکن محمد حارث نے اسی گیند پر فل شاٹ چھکا رسید کرکے اپنے فینز کو خوش کر دیا اور اس میچ کیلئے کمنٹری باکس میں موجود سابق ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر ایان بشپ نے بھی تبصرہ کیا کہ “محمد حارث! وہ اس طرح کا کام کرتا ہے۔ میں حیران ہوں کہ وہ اتنی دیر سے آیا”۔