:محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان نے اپنی پیشہ وارانہ دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور سنگِ میل ۔ عبور کر لیا ۔جدید ترین جنگی ہیلی کاپٹر زیڈ 10 ایم ای کو پاک آرمی فضائی بیڑے میں شامل کر لیا گیا ۔جدید جنگی ٹیکنالوجی سے لیس یہ بے مثال ہیلی کاپٹر دن ہو یا رات، اور کسی بھی موسمی صورتحال میں دشمن کے ٹینکوں اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس اہم پیشرفت کا اعلان اُس وقت سامنے آیا جب چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا۔ ان کے دورے کے دوران آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس میں فوج کی موجودہ صلاحیتوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔فیلڈ مارشل نے فارمیشن کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قومی خودمختاری اور علاقائی تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری تیاری کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور سویلین و فوجی اداروں کے درمیان ہم آہنگی بھی ملک کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پر فوجی جوانوں سے ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل نے ان کی حوصلہ مندی، جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کی کھل کر تعریف کی۔
مظفرگڑھ میں واقع فیلڈ فائرنگ رینج میں زیڈ ـ 10 ایم ای ہیلی کاپٹر کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ
ملتان کے بعد مظفرگڑھ میں واقع فیلڈ فائرنگ رینج میں زیڈ ـ 10 ایم ای ہیلی کاپٹر کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ فیلڈ پاور ڈسپلے کے دوران جدید ہتھیاروں اور جنگی حکمت عملیوں کا مشاہدہ کیا گیا، جس میں نئے اٹیک ہیلی کاپٹرز نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق، زیڈ ـ 10 ایم ای کی شمولیت پاکستان آرمی ایوی ایشن کی صلاحیتوں میں ایک نمایاں اضافہ ہے، جو مستقبل کی جنگی ضروریات اور دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نہایت اہم ثابت ہوگا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشترکہ ہتھیاروں کے مظاہرے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے فوج کی پیشہ ورانہ تربیت کا ثبوت قرار دیا۔دورے کے آغاز پر کور کمانڈر ملتان نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، اور ان کے ہمراہ مختلف عسکری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ یہ پیشرفت اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ پاکستان اپنی دفاعی حکمت عملی میں مسلسل جدید ٹیکنالوجی کو شامل کر رہا ہے تاکہ کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔