ہولڈر نے پاکستانی ٹیم کو ہینڈز اپ کردیا٬چار اہم بیٹنگ ستون گرانے کے بعد آخری بال پر چوکا لگا کر فتح کو ویسٹ انڈیز کی جھولی میں ڈال دیا

:محمد ندیم قیصر (ملتان)

: تفصیلات

ہولڈر نے پاکستانی ٹیم کو ہینڈز اپ کردیا٬چار اہم بیٹنگ ستون گرانے کے بعد آخری بال پر چوکا لگا کر فتح کو ویسٹ انڈیز کی جھولی میں ڈال دیا۔
گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے بیسٹ آف تھری سیریز کے دوسرے میچ میں فتح نے دونوں ملکوں کے درمیان سیریز کو برابر کردیا اور آخری میچ کی سنسنی کو بھی برقرار رکھا ہے۔تاہم میچ کی سمری یہی ہے کہ امریکی سرزمین پر کھیلا گیا یہ میچ جیسن ہولڈر ون مین شو ثابت ہوا اور ہولڈر نے پہلے باؤلنگ اور آخری لمحات کی بیٹنگ میں اگرچہ صرف 16 رنز بنائے لیکن یکے بعد دیگرے گرتی وکٹوں کے درمیان ہولڈر ہی ویسٹ انڈیز کیلئے امید کی آخری کرن قرار دیئے جارہے تھے اور پھر وہی ہوا کہ آخری گیند پر فتح کیلئے درکار چار رنز ایک یارکر بال کو چوکا بنا کر ہولڈر نے تاریخی فتح حاصل کی اور مسلسل 8 شکستوں سے دوچار اپنی ٹیم کو کسی نئے بدترین ریکارڈ کا جال بھی کاٹ دیا۔ ہولڈر نے باؤلنگ میں پاکستان بیٹنگ کے اہم ترین ستون صائم ایوب ۔ صاحبزادہ فرحان ۔ محمد نواز کو خطرہ بننے سے پہلے اور حسن نواز کو خطرناک بننے کے بعد آؤٹ کرکے میچ کو اپنی ٹیم کے کنٹرول سے باہر نہ نکلنے دیا۔ مین آف دی میچ ہولڈر نے 4اوورز میں 19رنز دے کر 4 آؤٹ کیے اور میچ کے اختتامی سنسنی خیز لمحات میں 10 گیندوں پر وننگ شاٹ سمیت ناقابل شکست 16 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ میں گرتے پڑتے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز کا مجموعہ حاصل کیا تھا لیکن محمد نواز۔ صائم ایوب اور سفیان مقیم کی نپی تلی باؤلنگ پاکستان ٹیم کو میچ میں واپس لے آئی مگر تجربہ کار آفریدی اور حسن علی کی رنز دینے کی دریا دلی نے ویسٹ انڈیز کیلئے فتح کا سفر آسان بنا دیا۔ میچ میں ہولڈر کے علاوہ گڈکیش موتیے نے 4اوورز میں 39 رنز کے عوض دو وکٹوں کا مہنگا سپیل کروایا ۔راسٹن چیس نے 2اوورز میں 11 رنز دے کر ایک وکٹ اڑائی۔میزبان ٹیم کی بیٹنگ میں گڈ کیش موٹیے نے 20 گیندوں پر 28 رنز بنائے کپتان شائی ہوپ نے 30 گیندوں پر 21 رنزبنائے۔

شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کا باؤلنگ تجربہ دھرے کا دھرا رہ گیا دونوں لیفٹ رائٹ فاسٹ باؤلر نے 8 اوورز میں 79 رنز کی پھینٹی کھائی

پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کا باؤلنگ تجربہ دھرے کا دھرا رہ گیا دونوں لیفٹ رائٹ فاسٹ باؤلر نے 8 اوورز میں 79 رنز کی پھینٹی کھائی۔ اگرچہ پاکستان کی طرح ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ بھی لڑکھڑاتی اور لنگڑاتی رہی۔ مجموعی طور پر سو رنز سے قبل سات آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ٹیم کو میچ اور سیریز میں فتح قریب دکھائی دے رہی تھی مگر شاہین آفریدی نے ایک وکٹ کیلئے چار اوورز میں 31 رنز دے ڈالے تو حسن علی نے چار اوورز میں 48 رنز کی “سخاوت “دکھائی. محمد نواز نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر 3.صائم ایوب نے 4اوورز میں 20 رنز کے عوض 2 اور سفیان مقیم نے 4اوورز میں 19 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی ۔ قبل ازیں پاکستانی بیٹنگ میں حسن نواز نے 23 گیندوں پر چار چھکوں ایک چوکا کی مدد سے 40 رنز اور کپتان سلمان علی آغا نے 33 گیندوں پر ایک چھکا اور تین چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے ان دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے ففٹی پارٹنرشپ بھی قائم ہوئی فخر زمان نے 19 گیندوں پر دو چوکوں سے تقویت پاتے ہوئے 20 رنز بنائے ۔

  • Related Posts

    پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے دورہ پر ڈبلن روانہ

    : محمد ندیم…

    ڈی ویلیئرز کی برق رفتار سنچری ۔جنوبی افریقہ لیجنڈز چیمپئن۔ پاکستان نے متعصبانہ رویہ پر ڈبلیو سی ایل کو ٹاٹا بائے بائے کہہ دیا

    : محمد ندیم…

    Leave a Reply

    Your email address will not be published. Required fields are marked *