: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان نے فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز جیت لی۔ امریکہ کے سٹیڈیم پر کھیلے گئےتیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔
ویسٹ انڈیز کے بیٹسمینوں نے 190 کا مشکل ہدف کے تعاقب کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور حسن علی کے پہلے ہی ا اوور میں 16 رنز بنالیے۔ اوپنرز جیول اینڈریو اور ایلک اتھانازے نے اوپننگ پارٹنر شپ میں 44 رنز جوڑلیے، اس مجموعہ پر حارث رؤف نے پانچویں اوور میں 15 گیندوں پر 24 رنز بنانے والے اینڈریو کو آؤٹ کیا۔
ایتھانازے نے پاکستان کے باؤلرز پر دباؤ برقرار رکھا، صرف 31 گیندوں پر اپنی پہلی ٹی ٹوئینٹی نصف سنچری مکمل کی۔انہوں نے دوسری وکٹ کیلئے کپتان شائی ہوپ (7) کے ساتھ 30 رنز کی اور شیرفین ردرفورڈ کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 36 رنز کی شراکت قائم کی۔ویسٹ انڈیز کے 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے تھے کہ ک صائم ایوب نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے والے ایتھانازے کو آؤٹ کردیاردرفورڈ اور روسٹن چیز نے چوتھی وکٹ کیلیے 39 رنز کی شراکت داری قائم کی ، لیکن آخری اوورز میں رفتار ڈرامائی طور پر بدل گئی۔
چیس کو بیٹنگ سے دستبردار ہونا پڑاتو پچھلے میچ کے ہیرو جیسن ہولڈر کو پہلی ہی گیند پر سفیان مقیم نے گولڈن ڈک پر آؤٹ کر دیا، اور ہوم سائیڈ کی پانچویں وکٹ 149 رنز پر گر گئی۔اگرچہ اس مرحلہ پر رتھر فورڈ نے جارحانہ انداز اپنائے رکھنے کی کوشش کی لیکن پھر بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 176 رنز بنا پائی۔پاکستان کی باؤلنگ پرفارمنس شیٹ کے مطابق حسن علی، محمد نواز، حارث رؤف، صائم ایوب اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا تو صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پہلے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 47 کے سکور تک پہنچا دیا
دائیں اور بائیں ہاتھ کے دونوں بیٹسمینوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 138 رنز کا اوپننگ سٹینڈ بنایا، جو سیریز کا سب سے بڑی افتتاحی شراکت داری تھی۔فرحان اننگز کے 17ویں اوور میں 53 گیندوں پر تین چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔حسن نواز 7 گیندوں پر 15 رنز بنا کر روسٹن چیز کا شکار ہوئے اور محمد حارث رن آؤٹ ہو گئے۔ایوب کی عمدہ اننگز 49 میں 66 کے انفرادی سکور پر تمام ہوئی وہ جیسن ہولڈر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔بعد میں خوشدل شاہ (6 پر 11*) اور فہیم اشرف (3 پر 10*) نے پاکستان کا مجموعی سکور 4 وکٹوں کے نقصان پر189 رنز تک پہنچا دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر، چیس اور شمر جوزف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دریں اثناء پاکستان اور ویسٹ انڈیز اب اپنی توجہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز پر مرکوز کریں گے، جو 8 اگست بروز جمعہ سے ویسٹ انڈیز کے جزیرہ ٹرینیڈاڈ میں شروع ہو رہی ہے۔