
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ملتان ڈویژن میں دریائے چناب میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس وقت ہیڈ محمد والا پر آبپاشی محکمے کا گیج410 فٹ (سمندر کی سطح سے بلند) ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ نازک سطح 417 فٹ ہے۔
فلڈ رپورٹ کے مطابق نازک سطح تک پانی پہنچنے کی صورت میں فوری ایکشن کے لیے تمام تیاری مکمل کر لی گئی ہے تاکہ شہری آبادی کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ ہیڈ تریمو سے پانی کا اخراج سست روی کا شکار ہے، جس پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ہیڈ محمد والا پر ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے ٬ حفاظتی اقدامات کے تحت ڈائنامائٹ کی تنصیب کا عمل جاری ہے، جس کے لیے تقریباً 18 سے 20 گھنٹے درکار ہیں۔ ڈائنامائٹ لگانے کے بعد صورتحال کا مسلسل تکنیکی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ بروقت اور درست فیصلے کیے جا سکیں۔
فلڈ رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلے کی رفتار اور شدت سمیت دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے تکنیکی کمیٹی بریچنگ کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔ آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
فلڈ رپورٹ میں سرکاری ریسکیو سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس کے مطابق اب تک ڈویژن سے ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو سیلابی علاقوں سے منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ پانچ لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈویژن میں 90 فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں، جہاں متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سرکاری طور پر یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ ہر لمحہ صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔