
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ایک ایسی ڈانسنگ پچ کہ جس پر بیٹسمین سپنرز کی انگلیوں ناچتے ہوئے دکھائی دیتے ہوں گے پاکستان ٹیم منیجمنٹ کی طرف سے فاسٹ باؤلر کاشف علی کا ڈیبیو کروایا جانا حیران کن خیال کیا جارہا ہے تو دوسری طرف کاشف علی نے بھی آج 25 جنوری سے شروع ہونیوالے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے اپنی شمولیت کو اپنی شیر خوار بیٹی کی دعا کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔
باریش دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کاشف علی کہتے ہیں کہ 24 جنوری بروز جمعہ مبارک کو عصر کی نماز پڑھتے ہوئے ان کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ انہیں سپنرز کی جنت ملتان پچ پر اپنے کیرئیر کی منزل ٹیسٹ کرکٹ ملنے والی ہے ۔
پی سی بی کے لیے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں کاشف علی کو ہوٹل کے کمرہ میں اپنی شیر خوار بیٹی کو گود میں اٹھائے پیار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور جب وہ ناظرین سے مخاطب ہوتے ہیں تو کہتے ہیں میرا ٹیسٹ ڈیبیو میچ میری اس بیٹی کے نام کیونکہ جب میں عصر کی نماز پڑھ کے اپنے کمرے میں آیا تھا تو میں نے اللہ کی رحمت بیٹی سے اپیل کی تھی کہ وہ میرے ٹیسٹ ڈیبیو کیلئے دعا کرے اور پھر مجھے ٹیم منیجمنٹ کی طرف سے ملتان ٹیسٹ کیلئے پاکستان کی حتمی الیون سائیڈ میں شامل کیے جانے کی خوشخبری مل گئی۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے ڈیبیو میچ کو اپنی شاندار پرفارمنس کے ذریعے یادگار بنانے کیلئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں ۔ اسلام آباد کے نواحی علاقے ستیاں کے رہائشی کاشف علی نے 2016ء سینیٹر ڈسٹرکٹ ایونٹ سے پی سی بی کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا تو اس وقت ان کے آئیڈیل سپیڈ سٹار شعیب اختر تھے جنہیں وہ راولپنڈی کے میدانوں پر کھیلتا دیکھ کر بڑے ہوئے تھے اور آج کاشف علی خود اللہ تعالیٰ کے خصوصی کرم سے ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں ۔
کاشف علی کیلئے ٹیسٹ کیپ نمبر 259
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ملتان سٹیڈیم پر پاک ویسٹ انڈیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے حتمی الیون کی فہرست ٹاس سے قبل میچ ریفری کے سپرد کی تو دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر کاشف علی کا نام بھی شامل تھا اور کاشف علی ٹیسٹ کیپ حاصل کرنیوالے پاکستان کے 259ویں ٹیسٹ کرکٹر بن گئے۔
قبل ازیں وارم سیشن کے اختتام پر پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ باؤلر کاشف علی کو ٹیسٹ کیپ پہنائی ٹیم منیجمنٹ اور ممبران نے مبارکباد پیش کی۔