
: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان نے اومان کو شکست دے کر ایشیا کپ مہم کا آغاز کر دیا٬ مین آف دی میچ محمد حارث کی جارحانہ ففٹی کے ساتھ فارم میں واپسی ہوئی ہے۔
محمد حارث کی نصف سنچری اور سپنرز کی چھ وکٹوں کی بدولت پاکستان نے جمعہ کی شام دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025ء کے چوتھے میچ میں عمان کو 93 رنز سے شکست دے دی۔ آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کا پہلا میچ اور پہلی فتح تھی اور اب پاکستان 14 ستمبر بروز اتوار اسی مقام پر روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا۔
جیتنے کے لیے 161 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے اومان، جو اپنا پہلا ایشیا کپ کھیل رہا تھا، 16.4 اوورز میں صرف 67 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔ حماد مرزا (27 رنز٬23 گیندیں 3چوکے٬ایک چھکا)، عامر کلیم (13رنز٬11گیندیں٬ ایک چوکا ایک ہی چھکا)،اور شکیل احمد (10رنز٬23 گیندیں ٬ایک چھکا)، ڈبل فیگرز تک پہنچنے والے بیٹسمین تھے۔
پاکستان کے سپنرز ابرار احمد (1-12)، محمد نواز (1-13)، صائم ایوب (2-8) اور سفیان مقیم (2-7) نے مجموعی طور پر چھ وکٹیں حاصل کیں،۔میڈیم پیسر فہیم اشرف نے چھ رنز کے عوض دو آؤٹ کیے۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے 43 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے۔ انہوں نے صاحبزادہ فرحان (29رنز٬ایک چوکا٬ 29 گیندیں،) کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔
چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنے والے فخر زمان 16 گیندوں پر 2 چوکے لگا کر 23 رنز بنا کر ناقابل شکست لوٹے۔
اومان کی جانب سے عامر کلیم اور شاہ فیصل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایشیاء کپ2025:پاکستان بمقابلہ اومان اعداوشمار
پاکستان نے عمان کو 93 رنز سے ہرا دیا۔
پاکستان 160-7، 20 اوورز (محمد حارث 66،صاحبزادہ فرحان 29، فخر زمان 23 ناٹ آؤٹ؛ عامر کلیم 3-31، شاہ فیصل 3-34)
اومان 67رنز آل آؤٹ، 16.4 اوورز (حماد مرزا 27رنز٬ فہیم اشرف 2-6، سفیان مقیم 2-7، صائم ایوب 2-8)
پلیئر آف دی میچ – محمد حارث (پاکستان)