: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
ایشیاء کپ : پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج مقابلہ آج شیڈول٬ تماشائیوں کیلئے ہائی الرٹ جاری ٫ لاکھوں کا جرمانہ بھگتنا پڑ سکتا ہے٬ پاک بھارت کرکٹ میچز کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ تماشائیوں کے غیر ضروری جذباتی پن کو روکنے کیلئے بھاری جرمانے کی وارننگ اور الرٹ جاری کیا گیا ہو٬ اس سلسلے میں شائقین کیلئے جو ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں ان کے مطابق سٹیڈیم کی حدود میں اشتعال انگیز جملے بازی مہنگی پڑ سکتی ہے۔
اس سلسلے میں نسلی امتیاز٬ دونوں ممالک کے درمیان روائتی اختلافات کے حوالے سے کسی بھی قسم کے منفی ردعمل پر دوبئی پولیس نے 30 ہزار درہم تک جرمانے کی وارننگ دی ہے اور اس وارننگ جاری کرنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تماشائیوں کیلئے مستقل طور پر جاری کیے گئے اس کوڈ آف کنڈکٹ کا سہارا لیا گیا ہے کہ جس کے مطابق نسل رنگ کی بنیاد پر متعصبانہ نعرے بازی بینرز و پلے کارڈز ممنوعہ قرار دیئے گئے ہیں اور اس وارننگ کو دنیا بھر میں کسی بھی مقام پر ہونیوالے کرکٹ میچ کے موقع پر شائقین کرکٹ کے لیے جاری کی جانیوالی ٹکٹ پر بھی پرنٹ کیا جاتا ہے۔
عرب کے صحرائی کرکٹ میدانوں پر پاک بھارت مقابلے بیسیوں بار ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک کے شائقین کے ہار جیت پر خوشی منانے اور آنسو بہانے کے لائیو مناظر بھی محفوظ ہیں لیکن رواں سال اپریل مئی میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے بعد جب انگلینڈ میں لیجنڈز لیگ میں بھارت نے پاکستان کے ساتھ پہلے لیگ اور پھر سیمی فائنل کھیلنے کی بجائے راہ فرار اختیار کی تو بھارتی شائقین نے ایشیاء کپ 2025ء میں بھی پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیلنے پر اصرار کیا یہاں تک کہ انڈین سپریم کورٹ میں دعویٰ دائر کردیا گیا جہاں سے دانشمندانہ فیصلہ جاری کیا گیا اور جذباتی رٹ کو مسترد کرتے ہوئے خارج کردیا گیا۔
پاک بھارت شائقین کے روایتی جذباتی پن کو کچھ زیادہ ہی محسوس کرتے ہوئے دوبئی پولیس نے ایشیاء کپ کے آج 14 ستمبر بروز اتوار کو شیڈول مقابلہ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی پیشگی روک تھام کیلئے بھاری جرمانہ عائد کیے جانے کی وارننگ جاری کی ہے۔
ایشیاء کپ جو کہ بھارت کی میزبانی میں کھیلا جارہا ہے ٫ اب تک دونوں ممالک ایک ایک میچ جیت چکے ہیں ٬ پاکستان نے اومان کو شکست دی تو بھارت نے یو اے ای کو چاروں شانے چت کیا٬ آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل فور مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرے گی٬ اگرچہ دونوں ممالک کی ٹیموں میں سٹار کرکٹرز شامل نہیں ہیں لیکن میچ کا ہیش ٹیگ تو بہرحال پاک بھارت ٹاکرا ہی رہے گا جو جیتے گا وہ گویا ایشیا کپ فائنل سے پہلے ہی اپنی اپنی عوام کے دل جیت لے گا اور یہی سب سے بڑا ایوارڈ ہو گا۔