: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑے ایک پیج پر٬ بھارت کے کرکٹ میں سیاسی مظاہرے کا “بنیان المرصوص ” منہ توڑ جواب٬ میچ ریفری کی معافی کے بعد پاکستان نے امارات کو ہرا کے فائنل فور مرحلہ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا٬
ایشیا کپ 2025 ء کے اہم ترین ہائی وولٹیج پاک بھارت معرکہ کے موقع پر گزشتہ اتوار کو ٹاس کے موقع پر میچ ریفری کی طرف سے پاکستانی کپتان کو بھارتی کپتان کے ساتھ ہاتھ نہ ملانے کا مشورہ دینا خود اس کے اپنے گلے پڑ گیا٬ پاکستان کے شدید ردعمل کے بعد میچ ریفری کو پاکستان کی ٹیم منیجمنٹ سے معذرت کرکے اپنی جان چھڑوانا پڑی اور پاکستان نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو امارات کے خلاف میچ کھیلا اور کامیابی کے ساتھ فائنل فور راؤنڈ کیلئے کوالیفائی بھی کرلیا٬ شاہین شاہ آفریدی کو شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
قبل ازیں پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے موقع پر ریفری کے کرکٹ ڈسپلن رویہ کے خلاف آئی سی سی کے روبرو تحفظات کا اظہار اور ریفری کو ایشیاء کپ میچ آفیشلز پینل سے الگ کیے جانے کا مطالبہ کیا تھا بصورت دیگر ایشیاء کپ سے بطور احتجاج دستبرداری کی دھمکی دی تھی اگرچہ یہ مطالبہ پورا نہ ہو سکالیکن ریفری نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے منیجر٬ کپتان اور ہیڈ کوچ سے ملاقات کی اور معذرت کر لی ۔
جس وقت میچ ریفری متحدہ عرب امارات میں پاکستان کی منیجمنٹ سے معافی کے طلب گار ہو رہے تھے ٬ اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی دعوت پر پی سی بی کے دو سابق سربراہان ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ اور نجم سیٹھی باہمی مشاورت میں محو گفتگو تھے بعد ازاں مشترکہ میڈیا بریفنگ میں ان تینوں شخصیات نے میچ ریفری کی معذرت کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے اسے کرکٹ کی جیت قرار دیا گیا٬ بھارتی کپتان کی پاکستان سے جیت کے بعد سیاسی گفتگو کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے اس بارے میں تادیبی کارروائی کے اپنے مطالبہ کو دہرایا۔