: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان کی مس منجیمنٹ پلاننگ ٬ ابھیشک اور شبھمن کی دھواں دھار بیٹنگ نے بھارت کو ایشیاء کپ فائنل فور مرحلہ کے اہم میچ میں پہلی فتح دلوادی٬
اے سی سی مینز ایشیا کپ کے 14ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ سپر 4 مرحلے میں یہ پاکستان کی پہلی شکست تھی۔اب پاکستان کا ابوظہبی میں 23 ستمبر بروز منگل ٹورنامنٹ کے 15ویں میچ میں مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ میں پاکستان نے اپنے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے۔ انہوں نے فخر زمان (15رنز، ،تین چوکے9 گیندیں) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 21 رنز جوڑے اور پھر صائم ایوب (21 رنز ٬16 گیندیں٬ ایک چھکا٬ ایک چوکا) کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 72 رنز کی بہترین شراکت داری کی اور اننگز کے ابتدائی 10 اوورز میں 90 رنز جوڑ لیے ٬ گیارہویں اوور کی تیسری گیند پر صائم ایوب کی صورت دوسری وکٹ گرنے پر پاکستان ٹیم کی مس منیجمنٹ پلاننگ کا عکس دکھائی دیا کہ بیٹنگ آرڈر کو ڈس آرڈر کرکے ایونٹ میں ٹیل اینڈر نمبر پر دھواں دھار بیٹنگ کرنےوالے شاہین آفریدی کو تھری ڈاؤن نمبر پر پروموٹ کرنے کی بجائے معمول کے بیٹنگ آرڈر کے مطابق حسین طلعت کو بیٹنگ کیلیے بھیج دیا جن کے پچ پر پہنچتے ہی رنز بنانے کی رفتار متاثر ہوئی جس کا منفی اثر ہارڈ ہٹر اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے بھی لیا طلعت بغیر چوکے چھکا کے 11 گیندوں پر 10 رنز بنا پائے اور صرف 22 رنز کے اضافہ کے ساتھ طلعت اور صاحبزادہ فرحان دونوں واپس پویلین بھی سدھار گئے.
اس مرحلہ پر پاکستان کے مجموعی سکور کو فہیم اشرف کی آٹھ گیندوں پر ناقابل شکست 20 رنز سے بڑھایا، انہوں نے دو چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ کپتان سلمان علی آغا بھی ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چھکا لگا کر 17 رنز بنائے۔
پاکستان کی ٹیم جو پہلے دس اوورز میں 90پلس رنز صرف ایک وکٹ کھو کر بنانے کے بعد دو سو تک کا مجموعہ حاصل کرنے کی پوزیشن میں آ گئی تھی اپنی مس منجیمنٹ پلاننگ کے باعث 46 گیندیں ڈاٹ کھیل گئی اور بھارت کو بھاری ٹارگٹ دینے میں ناکام رہی٬ایونٹ میں ہیٹرک کرنیوالے باؤلر محمد نواز سے ایک اوور بھی نہ کروایا گیا۔
بھارت کی جانب سے شیوم دوبے سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 33 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں بھارت نے ہدف 18.5 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنرز ابھیشیک شرما (74 رنز،6چوکے٫ 5چھکے ٫ 39 گیندیں ) اور شبمن گل (47 رنز٫28 گیندیں،8چوکے ) نے پہلی وکٹ کے لیے 105 رنز جوڑے۔ تلک ورما نے ناقابل شکست 30 رنز بنا کر اپنے ٹیم کی فتح میں اپنا کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو، ابرار احمد اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ایشیا کپ ٬ فائنل فور میں بھارت کی روائتی حریف کے خلاف جیت کے اعدادوشمار
بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان 171-5، 20 اوورز (صاحبزادہ فرحان 58، محمد نواز 21، صائم ایوب 21، فہیم اشرف 20 ناٹ آؤٹ؛ شیوم دوبے 2-33)
بھارت 174-4، 18.5 اوورز (ابھیشیک شرما 74، شبمن گل 47، تلک شرما 30 ناٹ آؤٹ؛ حارث رؤف 2-26)
میچ کا بہترین کھلاڑی – ابھیشیک شرما (بھارت)