: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
سیلاب زدگان کی مالی امداد کے پس منظر میں بظاہر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے امدادی چیک والی رقوم کی تقسیم سے پنجاب حکومت کے انکار سے شروع ہونے والی پہلے بحث اور پھر نوک جھونک سے باقاعدہ تلخ کلامی اور سنگین الزام تراشیوں میں تبدیل ہو چکی ہے اور اس عوام زد عام زبان درازی والے جواب در جواب سیریز میں وزراء کے بعد دونوں جانب کے اہم قائدین بھی کود پڑے ہیں ۔
پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی قیادت کا جواب بھی اسی خطہ کے سابق پی پی رہنما تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے اہم این اے(اب سابق ) اور ن لیگ کے موجودہ رہنما احمد حسین ڈیہڑ نے دیا ہے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی نے مشترکہ میڈیا بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں عمران نیازی اور اسٹیبلشمنٹ سے بچنے کیلئے گڑی خدا بخش شہدائے جمہوریت بھٹوز کے سائے تلے پناہ لینے والی مریم نواز المعروف تصویر اعلیٰ کو یہ باور کروا دینا چاہتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف نا زیبا الفاظ اور اوچھے ہتکنڈوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور تمام تر توجہ سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے میں لگائی جائے کیونکہ اس وقت پنجاب حکومت کی طرف سے سرائیکی وسیب میں بروقت سیلاب متاثرین کو ریلیف نہ دینے کی وجہ سے متاثرین کا شروع ہونے والے ہر ضلع میں احتجاجی مظاہروں نے پنجاب حکومت کے سیلاب متاثرین کو دیے گئے جھوٹے دعوں کی قلعی کھول دی ہے کیونکہ اس وقت سرائیکی وسیب کا کسان بے یار و مدد گار ہے سرائیکی وسیب کا مزدور بد حال ہے سرائیکی وسیب کا جوان بے روزگار ہے غرض ہر طبقہ فکر پنجاب حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے جس پر پنجاب حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اپنا قبلہ درست کرنے کے بجائے پیپلزپارٹی کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
پی پی پی قائدین نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو کہ سرائیکی وسیب میں سیلاب متاثرین کی بغیر کسی سیاسی تفریق کے بغیر کسی حکومت کے ہوتے ہوئے ان کی اپنے طور پر بھرپور امداد کر رہی تھی جس میں ملتان میں ممبران قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی اور سید عبدالقادر گیلانی کی طرف سے متاثرین کو دو وقت کا کھانا مہیا کرنا ٹینٹ مہیا کرنا اور ان کے مویشیوں کیلئے چارہ مہیا کرنا اور اس کے علاوہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سرائیکی وسیب کے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی پہلی کھیپ میں سات کروڑ کے کیمپ تقسیم کئے ہیں حکومت پیپلزپارٹی کے اقدامات کی تقلید کرنے کے بجائے پیپلزپارٹی کی قیادت پر بہتان بازی، الزام بازی کی سیاست پر اتر آئی ہے جس کا مقصد سیلاب متاثرین کے احتجاج کی خبروں کو دبانا ہے تا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ لڑائی جھگڑے کی خبریں نمایاں ہو کر سیلاب متاثرین کی احتجاج کی خبروں کو دبا سکیں۔
پی پی پی قائدین نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پیپلزپارٹی کے خلاف انتقامی کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ مریم نواز سیاسی طور پر نا سمجھ ہیں اور وفاق کیلئے اس وقت سب سے بڑا خطرہ ہیں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے خلاف نا صرف چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سیکورٹی میں کمی کی گئی ہے بلکہ ان کےچاروں صاحبزدگان جو ارکان اسمبلی ہیں ان سے سیکورٹی واپس لے لی گئی ہے ملتان اور لاہور میں موجود گیلانی ہاوس سے سیکورٹی ہٹا دی گئی ہے یہ جانتے ہوئے بھی کہ ان کی زندگیوں کو خطرہ ہے اور پہلے بھی سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی تین سال تک دہشت گرودں کے یرغمالی رہے ہیں اور ان کو جو سیکورٹی مہیا کی گئی ہے وہ کسی حکومت کی طرف سے نہیں بلکہ ہائی کورٹ کے حکم پر دی گئی تھی حیرت کی بات یہ ہے کہ سابقہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران نیازی نے سیاسی مخالفت ہونے کے باوجود بھی ایسے انتقامی ہتھکنڈے گیلانی خاندان کے ساتھ نہیں کئے اس نے ہائیکورٹ کے حکم کی پاسداری کرتے ہوئے نہ گیلانی خاندان کےسیکورٹی سٹاف میں کوئی کمی کی اور نہ سیکورٹی واپس لی لیکن موجودہ حکومت جو کہ پیپلزپارٹی کی بیساکھیوں پر بر سر اقتدار آئی ہے اس نے اپنے اتحادی کے اعتماد کی پیٹھ میں چھڑا گھونپتے ہوئے اس نیکی کی سزا دی جس نیکی کی وجہ سے آج یہ بر سر اقتدار ہیں ہم مریم نواز کو یہ باور کروا دینا چاہتے ہیں کہ گیلانی خاندان نے ہمیشہ سیاست میں بردباری، رواداری اور عوامی خدمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ان کے ساتھ احترام اور شائستگی کا برتاؤ کرے، کیونکہ ایسے خاندانوں کی قربانیوں کی بدولت ہی ملک میں جمہوری تسلسل ممکن ہوا ہے۔
جواب در آں غزل سیریز میں مسلم لیگی رہنما و سابق ایم این اے نے پیپلز پارٹی والوں کو فارم 47 کا طعنہ دے دیا
ن لیگ پیپلز پارٹی جواب در آں غزل سیریز میں سندھ پنجاب کی حالیہ نوک جھونک ٬ جملے بازی اور پھبتی کسنے میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے میں مسلم لیگ ن کے سابق ممبر قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہڑ نے پیپلز پارٹی والوں کا ایسا طعنہ دیا ہے کہ جس کے حوالے سے خود ن لیگ والوں پر بھی انگشت نمائی کی جا رہی ہے ٬ احمد حسین ڈیہڑ نے پیپلز پارٹی والوں کو فارم 47 کا طعنہ دیتے ہوئے کہا کہ گیلانیوں کی پنجاب کے پانی سے نئی نہروں کی مخالفت، وسیب سے بیوفائی ہے٬ ایسے ایچ او پٹواری سے منتھلیاں اور پنجاب حکومت کے فنڈز سے کمیشن لینے والےجس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کر رہے ہیں٫ سیلاب پر سیاست کرنا شہزادی کا ہار ہتھیانے سے بڑا جرم ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق ایم این اے ملک احمد حسین ڈیہڑ نے مزید کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر بلاوجہ تنقید کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھ کر ان کی بحالی کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔مریم نواز کی للکار نے فارم 47 والوں کو آئینہ دکھا دیا ۔
احمد حسین ڈیہڑ نے مزید کہا کہ ایس ایچ اوز اور پٹواریوں کے ذریعے منتھلیاں لینے اور پنجاب حکومت کے ترقیاتی فنڈز سے کمیشن کھانے والوں کے نزدیک پنجاب حکومت ہمیشہ اچھی رہی، مگر یہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کر کے آج وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیلاب متاثرین کی باعزت بحالی پروگرام پر منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں ـ