: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
سابق ٹیسٹ کپتان و بیٹسمین امین الاسلام کو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ چار سال کی مدت کے لیے اس عہدے پر فائز رہیں گے۔امین الاسلام، جو ’’بلبل‘‘ کے نام سے مشہور ہیں، کو مارچ 2025ء میں بی سی بی کے عارضی صدر مقرر کیا گیا تھا، اب انہیں باضابطہ طور پر صدر منتخب کر لیا گیا۔ ان کے مقابل کوئی امیدوار نہیں تھا، اور وہ بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔
ستاون سالہ امین الاسلام کی قیادت میں بنگلہ دیش ٹیم کی قیادت 1999ء کے ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی بنگلہ دیش پہلی بار ورلڈ کپ کھیل رہا تھا اور ان کی کپتانی میں ہی بنگلہ دیش نے پاکستان کو غیر متوقع طور پر شکست دے کر بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سٹیٹس دلوانے کی راہ ہموار کی تھی.
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایشیئن کرکٹ کونسل کے ساتھ مختلف عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔امین الاسلام نے بنگلہ دیش کرکٹ کا باقاعدہ صدر منتخب ہونے کے بعد میڈیا ٹاک میں کہا کہ انہیں اپنے ملک کی کرکٹ کی ترقی سے محبت ہے۔ جب میں نے چند چھوٹے پیمانے پر اقدامات کیے اور ان کے مثبت نتائج دیکھے تو میرا کرکٹ کیلئے جوش و جذبہ بڑھتا گیا اور اب میں اپنی قوم کی خدمت جاری رکھنا چاہتا ہوں۔
دریں اثناء بی سی بی کے نائب صدور کے طور پر سابق کپتان فاروق احمد اور سخاوت حسین کو بھی بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔ بنگلہ دیش میں بھی کرکٹ اور سیاست ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ملک میں جاری سیاسی ہلچل نے کرکٹ کو بھی متاثر کیا ہے۔
اگست 2024ء میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو عوامی احتجاج کے دوران ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہونا پڑا تھا۔شیخ حسینہ کے قریبی ساتھی نجم الحسن کے استعفے کے بعد فارو ق احمد کو عارضی طور پر صدر بنایا گیا تھا، لیکن بعد میں یہ ذمہ داری امین الاسلام کو سونپ دی گئی تھی۔