: محمد ندیم قیصر (ملتان)
: تفصیلات
پاکستان میں سنوکر اور بلیئرڈ کو نئی زندگی عطا کرنیوالے اصغر ولیکا کی اپنی زندگی کا چراغ گل ہو گیا٬ کراچی سے تعلق رکھنے اصغر ولیکا پیشہ کے اعتبار سے صنعتکار تھے اور ولیکا انڈسٹری کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے کراچی کی بزنس کمیونٹی میں بھی مقام رکھتے تھے ٬ تاہم سنوکر اور بلیئرڈ کے کھیل کو گلی کوچہ میں متعارف کروانے کا بیڑا اٹھایا تو ان کی شہرت کھیلوں کے قومی اور بین الاقومی تک پھیل گئی٬ 80ء کی دہائی کے آخری برسوں میں میں اصغر ولیکا کو پاکستان سنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا تو انہوں نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش تربیت اور پروموشن کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں اورجو یہاں تک ثمر آور ثابت ہوئیں کہ کہ پاکستان کے محمد یوسف نے 90ء کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں سنوکر ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا
محمد اصغر ولیکا کی سنوکر اور بلیئرڈ سے وابستگی کسی عہدے کی محتاج نہ تھی٬ انہوں نے صدارت سے علیحدگی کے بعد بھی کھیل کی ترقی کیلئے ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا انہوں نے روایتی حریف بھارت کو متعدد بار بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کے حصول میں مذاکرات کی میز پر خاموش کروایا اور دلائل کے زور پر پاکستان کو اہم بین الاقوامی سنوکر اور بلیئرڈ ایونٹس کی میزبانی دلوائی٬ رنگ برنگی گیندوں کے کھیل کی سرپرستی کرنیوالے اصغر ولیکا کی بزرگی کے عالم میں انتقال کی افسوسناک خبر کھیلوں کے حلقوں میں اداسی بکھیر گئی۔