
:محمد ندیم قیصر (ملتان)
:تفصیلات
چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے آغاز میں ہفتہ بھر رہ گیا لیکن اس سے پہلے دفاعی چیمپیئن پاکستان کو سہ ملکی سیریز کے چیلنج کا سامنا ہے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست نے پاکستان کی کرکٹ منیجمنٹ کو الرٹ کردیا ہے تاہم دوسری طرف بھارتی اور پاکستان کے نامور کرکٹرز نے میگا ایونٹ میں پاکستان سے مدمقابل ٹیموں کو ہوشیار رہنے کا بول دیا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کسی بھی ٹیم کے خلاف سرپرائز پرفارمنس دے سکتی ہے۔ سابق بھارتی کرکٹ ہیڈ کوچ نے روی شاستری نے پاکستان کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جانیوالی چیمپئنز ٹرافی کی فیورٹ اور فائنل فور ٹیموں میں شامل کیا ہے تو پاکستان کے سپیڈ سٹار باؤلر شعیب اختر نے کھلے ڈلے الفاظ میں ہائی وولٹیج میچ میں بھارت کو دوبئی میں ڈنکے کی چوٹ پر شکست دینے کا دعویٰ بھی کردیا ہے ۔
آئی سی سی جائزہ رپورٹ میں بھارتی کرکٹر روی شاستری نے پاکستان کو خطرناک قرار دے دیا
آئی سی سی جائزے میں گفتگو کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری نے کہا ہے کہ ہوم کنڈیشنز میں پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے۔ پاکستان ٹیم چند ماہ سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھا رہی ہے۔
روی شاستری نے آسٹریلیا جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف پاکستان کی ون ڈے سیریز میں تاریخی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جاتا ہے تو وہ کسی بھی ٹیم کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
روی شاستری نے پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بیٹر صائم ایوب کے فٹنس پرابلم کو بڑا دھچکا قرار دیا اور کہا کہ بہر حال صائم لیفٹی کی کمی تو محسوس ہوتی رہے گی لیکن پھر بھی ہوم کنڈیشنز کے ساتھ خطرناک فاسٹ باؤلنگ اٹیک اس کا پلس پوائنٹ ہے۔
سپیڈ سٹار شعیب اختر نے پاکستان کی بھارت کے خلاف جیت کا بگل بجا دیا
میگا ایونٹ چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا سب سے ہائی وولٹیج پاک بھارت مقابلہ 23 فروری کو دبئی میں ہو گا۔
پاکستان کے سپیڈ سٹار فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ انشا اللہ پاکستان دبئی میں بھارت کو شکست دے گا۔ شعیب اختر نے دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں پاک بھارت کرکٹ فینز کے جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
شعیب اختر پٹھانوں کی ٹیم افغانستان سے بھی متاثر دکھائی دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ افغانستان کو بھی سیمی فائنل کھیلتا دیکھ رہے ہیں بنگلہ دیش کی ٹیم سے بھی غیر متوقع پرفارمنس کی ظاہر کی ہے۔